راہول کے خلاف بی جے پی امیدوار سریندرن پر 242 فوجداری مقدمات

   

کوچی : کانگریس رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کے خلاف وائیناڈ سے بی جے پی امیدوار و کیرالا بی جے پی صدر کے سریندرن کے خلاف جملہ 242 فوجداری مقدمات درج ہیں۔ سریندرن نے دستوری ذمہ داری کے طور پر پارٹی کے ترجمان اخبار میں اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیل پیش کی ہے جو تقریبا تین صفحات پر مشتمل تھے ۔ اسی طرح ارناکلم حلقہ کے بی جے پی امیدوار کے ایس رادھا کرشنن کے خلاف جملہ 211 مقدمات درج ہیں۔ کیرالا بی جے پی کے جنرل سکریٹری جارج کورین نے بتایا کہ بیشتر مقدمات کا تعلق 2018 میںہوئے سبرا مالا احتجاج سے ہے ۔ بیشتر مقدمات عدالت میںزیر دوران ہیں۔ جب پارٹی قائدین نے احتجاج یا ہڑتال کا فیصلہ کیا ہوا تھا اس وقت پولیس کی جانب سے مقدمات درج کئے جاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے خلاف درج مقدمات کی اشاعت ضروری ہوگئی ہے ۔ اس دوران بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش نے سریندرن اور اردھا کرشنن کے علاوہ الاپوزا کے پارٹی امیدوار شوبھا سریندرن اور وٹکارا کے امیدوار پرفل کرشنا کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل جاری کی اور کہا کہ ملک کے کچھ حصوں میں قوم پرست ہونا مشکل ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ روز کی جدوجہد ہے تاہم یہ جدوجہد ضروری ہے ۔ مسٹر کورین نے سریندرن کے خلاف مقدمات کی تفصیل جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 237مقدمات کا تعلق سبرا مالا احتجاج سے ہے جبکہ پانچ مقدمات کیرالا میں مختلف احتجاجوں کے سلسلہ میں درج کئے گئے ہیں۔