راہول گاندھی استعفیٰ کے فیصلے پر اٹل ، جانشین کی تلاش کیلئے مشاورت

,

   

کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ،سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کا انتخابی عمل کا حصہ بننے سے گریز ، اچانک باہر چلے گئے

نئی دہلی۔ 10 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس ورکنگ کمیٹی نے اپنی پارٹی کے نئے صدر کے مشاورتی عمل کے ذریعہ تلاش کی کوششوں کا ہفتہ کو آغاز کردیا اور اس ضمن میں تمام ریاستوں کے کی پارٹی یونٹ کے صدور اور لیجسلیچر پارٹی قائدین سے بات چیت کا آغاز کیا گیا ہے۔ دہلی میں آج منعقدہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے یو پی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی اور پارٹی کے سبکدوش صدر راہول گاندھی اچانک واپس چلے گئے اور ان دونوں قائدین نے کہا کہ وہ اس عمل کا حصہ رہنا نہیں چاہتے۔ اجلاس کے درمیانی مرحلے سے اچانک باہر نکل جانے کے بعد سونیا گاندھی نے کہا کہ ’’ہم اس عمل کا حصہ نہیں رہ سکتے۔ ان کے فوری بعد راہول گاندھی بھی یہ کہتے ہوئے اچانک باہر چلے گئے کہ وہ کیرلا میں اپنے پارلیمانی حلقہ وائناڈ کے دورہ پر روانہ ہورہے ہیں جہاں حالیہ بارش کے سبب کافی نقصانات ہوئے ہیں۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے وسیع تر مشاورت کے مقصد سے علاقہ واری کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں جن میں ان کا نام استعمال کیا جارہا ہے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) نے ملک کے تمام قائدین سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کی کلیدی فیصلہ ساز کمیٹی کو پانچ مختلف علاقوں کے گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ راہول گاندھی نے 25 مئی کو پارٹی کی صدارت سے استعفی دے دیا تھا اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کو ہدایت کی تھی کہ گاندھی خاندان کے کسی فرد کو نیا صدر منتخب کرلیا جائے۔ ان کی بہن پرینکا گاندھی وڈرا کانگریس کی جنرل سیکریٹری ہیں۔ کانگریس کے ایک ترجمان نے کہا کہ ورکنگ کمیٹی نے ہفتہ کو راہول گاندھی سے پھر ایک مرتبہ خواہش کی ہے کہ پارٹی صدارت سے سبکدوشی کے فیصلے پر دوبارہ غور کریں۔ ترجمان نے کہا کہ ان کے استعفے کے بارے میں ہنوز کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ سی ڈبلیو سی نے ایک متفقہ قراردار منظور کرتے ہوئے راہول گاندھی سے کی گئی اپنی اپیل میں کہا کہ ایک ایسے وقت جب بی جے پی کے زیرقیادت حکومت جمہوریت پر حملے کررہی ہے اور عوامی حقوق کو سلب کررہی ہے، ان حالات میں وہ (راہول گاندھی) کی اس پارٹی (کانگریس) کے اعلیٰ ترین عہدہ کیلئے انتہائی موزوں اور بہترین شخص ہیں ، لیکن باو ر کیا جاتا ہے کہ راہول گاندھی نے اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے سے انکار کردیا اور سی ڈبلیو سی نے ان کے جانشین کی تلاش کیلئے پانچ علاقائی ذیلی گروپس کو مشاورت کی ذمہ داری دی ہے۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ سی ڈبلیو سی کا ایک اور اجلاس منعقد ہوگا جس میں ذیلی گروپوں کی رپورٹس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور راہول گاندھی کے استعفے کے بارے میں قطعی فیصلہ ہوگا۔