راہول گاندھی سے ملاقات کیلئے پانچ ماہ سے انتظار: ہنمنت راؤ

   

منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، اتم کمار ریڈی کی خاموشی پر تنقید
حیدرآباد ۔ 18۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ نے شکایت کی ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ سے صدر کانگریس راہول گاندھی انہیں ملاقات کا وقت نہیں دے رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ ریاست کی صورتحال سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں لیکن افسوس کہ پانچ ماہ گزرنے کے باوجود ملاقات کی ان کی کوششیں رائیگاں ثابت ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس میں کیا ہورہا ہے ، وہ سمجھ سے باہر ہے ۔ کانگریس ارکان اسمبلی یکے بعد دیگرے پارٹی سے انحراف کر رہے ہیں لیکن صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی تماشائی کا رول ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی کو انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے ۔ عام قائدین کے انحراف کی صورت میں کارروائی کی جارہی ہے لیکن ارکان اسمبلی کو کھلا چھوڑ دیا گیا ہے ۔ تلنگانہ کے کانگریس کارکن موجودہ صورتحال سے مایوس ہیں اور وہ سوال کر رہے ہیں کہ صدر پردیش کانگریس کی خاموشی کی کیا وجوہات ہے۔ ہنمنت راؤ نے بڑے پیمانہ پر انحراف پر تنقید کی اور کہا کہ ٹی آر ایس کو واضح اکثریت کے باوجود انحراف کی ضرورت کیا ہے؟ دراصل اپنے بیٹے کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کیلئے کے سی آر انحراف کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں لیکن انہیں جان لینا چاہئے کہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد کی صورت میں غرق ہوجانے کا خطرہ لاحق رہتا ہے ، کچھ یہی حال ٹی آر ایس کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں پارٹی اپنے امیدواروں کو نہ صرف انتخابی نشان بلکہ فنڈس فراہم کرتی ہے لیکن انحراف کے ذریعہ ارکان اسمبلی عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک پارٹی سے منتخب ہوکر دوسرے میں شمولیت اختیار کرنا غیر اخلاقی اور غیر جمہوری ہے ۔ اپوزیشن کے بغیر حکومت کا تصور مکمل نہیں ہوتا اور حکومت کی بہتر کارکردگی کے لئے مضبوط اپوزیشن ضروری ہے لیکن کے سی آر اپوزیشن کو کمزور کر رہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف فوری کارروائی مطالبہ کیا ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ پی سی سی صدر کے خلاف نہیں ہیں لیکن ورکرس کی بات پارٹی قیادت تک پہنچانا اپنا فریضہ تصور کرتے ہیں۔ کانگریس کارکنوں سے اپیل کی جانی چاہئے کہ وہ منحرف ارکان اسمبلی کو سبق سکھائیں۔ ہنمنت راؤ نے اتم کمار ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ ناراض قائدین کو منانے کی کوشش کریں۔ کے سی آر کے انتخابی جلسوں میں کئے جانے والے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ کے سی آر خود کو ملک کا واحد نجات دہندہ قومی قائد قرار دے رہے ہیں۔ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے بتایا کہ وہ نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کشمیر تنازعہ کی ذمہ داری کے سی آر کو دینے کی اپیل کریں گے ۔