کانگریس امیدواروں میں بے چینی، بی جے پی اور ٹی آر ایس کے سرکردہ قائدین سرگرم
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں لوک سبھا چناؤ کی انتخابی مہم میں بی جے پی اور بی آر ایس کے سرکردہ قائدین شریک ہیں جبکہ کانگریس کے قومی قائدین کی انتخابی مہم کے شیڈول کو قطعیت نہیں دی گئی جس کے نتیجہ میں کانگریس امیدواروں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ اسمبلی انتخابات میں راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی اور ملکارجن کھرگے کے علاوہ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس نے کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا۔ اب جبکہ تلنگانہ میں پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے ، کانگریس امیدواروں کو قومی قائدین کی آمد کا انتظار ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی وزراء پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 17 لوک سبھا حلقوں کے منجملہ تقریباً 14 حلقہ جات کا احاطہ کرتے ہوئے انتخابی ریالیوں سے خطاب کیا۔ چیف منسٹر نے روزانہ دو لوک سبھا حلقوں میں انتخابی مہم چلائی ۔ کانگریس کے قومی قائدین بتایا جاتا ہے کہ مہم کے آخری مرحلہ میں تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ راہول گاندھی نے گزشتہ دنوں تین ریاستوں میں انتخابی مہم کا شیڈول جاری کیا ۔ ملک میں لوک سبھا چناؤ 7 مراحل میں ہے جن میں سے دو مرحلوں کی رائے دہی مکمل ہوچکی ہے۔ تیسرے مرحلہ کی رائے دہی 7 مئی کو 12 ریاستوں کے 94 لوک سبھا حلقوں میں مقرر ہے۔ جبکہ تلنگانہ میں 13 مئی کو رائے دہی ہوگی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق تیسرے مرحلہ کی انتخابی مہم کے اختتام کے بعد راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی اور ملکارجن کھرگے تلنگانہ کی انتخابی مہم میں شرکت کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ تینوں قائدین 14 لوک سبھا حلقوں کا احاطہ کریں گے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پرینکا گاندھی اور راہول گاندھی کے روڈ شو کا میاپ تیار کیا ہے جسے منظوری کیلئے نئی دہلی روانہ کیا گیا ۔ چیف منسٹر کھمم ، کریم نگر ، نظام آباد اور پدا پلی میں انتخابی مہم کی تاریخوں کو طئے کرچکے ہیں جس کا اندرون دو یوم اعلان کیا جائے گا ۔ بی جے پی کی جانب سے وزیراعظم مودی ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور کئی مرکزی وزراء نے انتخابی مہم میں حصہ لیا اور آئندہ دنوں میں نریندر مودی اور امیت شاہ کے مزید پروگرام ہونگے۔ بی آر ایس سربراہ اور سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بس یاترا سے 16 لوک سبھا حلقوں میں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ وہ روزانہ ایک حلقہ میں روڈ شو و جلسہ سے خطاب کر رہے ہیں۔ کانگریس کے امیدواروں کو قومی قائدین کی آمد کا بے چینی سے انتظار ہے۔ 1