راہول گاندھی کی آج ممبئی کی عدالت میں حاضری ہتک عزت کا مقدمہ

   

ممبئی۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی توقع ہے کہ وہ جمعرات کو ممبئی کی ایک عدالت میں حاضر ہوں گے جہاں آر ایس ایس کے ورکر نے جرنلسٹ گوری لنکیش کے قتل کی بی جے پی ۔ آر ایس ایس کے نظریہ سے مربوط کرنے پر آر ایس ایس کے ایک کارکن ان کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ کانگریس ذرائع نے کہا کہ وہ اس مقدمہ کی سماعت میں حاضر ہوں گے۔ راہول گاندھی اور سی پی آئی (ایم) کے لیڈر سیتا رام یچوری کے خلاف ایک وکیل اور آر ایس ایس کارکن دھروتی مان جوشی کی خانگی درخواست پر مجگاؤں میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت نے فروری میں یہ سمن جاری کیا تھا۔ 2017ء میں اُس وقت کی صدر کانگریس سونیا گاندھی ، راہول گاندھی ، سی پی آئی (ایم) اور اس کے جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری کے خلاف جوشی نے یہ شکایت درج کروائی تھی۔ راہول گاندھی قبل ازیں دو موقعوں پر انتخابی مہم اور دیگر مصروفیات کا حوالہ دیتے ہوئے سماعت میں حاضر نہیں ہوسکے تھے۔