راہول گاندھی کی ’ بھارت جوڑو یاترا ‘ تلنگانہ میں وقارآباد سے گذرے گی

   

اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے صدورنشین کے ساتھ دہلی میں عمران پرتاپ گڑھی کا اجلاس، شیخ عبداللہ سہیل کی شرکت
حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قائد راہول گاندھی کی کنیا کماری تا کشمیر ’ بھارت جوڑو یاترا ‘ کے ضمن میں اے آئی سی سی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین اور رکن راجیہ سبھا عمران پرتاپ گڑھی نے تمام ریاستوں کے میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدورنشین کا نئی دہلی میں اجلاس طلب کیا۔ 3571 کیلو میٹر کا احاطہ کرنے والی یاترا کنیا کماری سے شروع ہوکر کشمیر پر ختم ہوگی۔ یہ یاترا ملک کی مختلف ریاستوں سے گذرے گی جن میں تلنگانہ بھی شامل ہے۔ وقارآباد میں یاترا کی آمد کے موقع پر شاندار استقبال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رائچور سے یاترا وقارآباد میں داخل ہوگی اور وہاں سے ناندیڑ پہنچے گی۔ عمران پرتاپ گڑھی نے صدرنشین میناریٹیز ڈپارٹمنٹ تلنگانہ شیخ عبداللہ سہیل کو مشورہ دیا کہ تلنگانہ میں ’ بھارت جوڑو یاترا ‘ کی آمد کے موقع پر اقلیتوں کی جانب سے استقبال کا انتظام کیا جائے۔ یاترا میں بڑی تعداد میں اقلیتی طبقہ کے عوام کی شرکت یقینی بنائی جائے۔ 148 دنوں تک جاری رہنے والی اس یاترا کا مقصد ملک میں فرقہ پرست طاقتوں کی سرگرمیوں سے عوام کو واقف کراتے ہوئے قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو پروان چڑھانا ہے۔ عمران پرتاپ گڑھی نے میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے تمام صدورنشین کو راہول گاندھی کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے کامیاب بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ملک بھر میں اقلیتوں کو کانگریس پارٹی سے قریب کرنے کیلئے متحرک ہونے کا مشورہ دیا۔ شیخ عبداللہ سہیل نے بتایا کہ میناریٹیز ڈپارٹمنٹ راہول گاندھی کی ’ بھارت جوڑو یاترا ‘ کی تلنگانہ میں کامیابی کیلئے متعلقہ اضلاع کے اقلیتی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرے گا۔ انہوں نے تلنگانہ میں میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کی سرگرمیوں سے عمران پرتاپ گڑھی کو واقف کرایا۔ر