ایڈمرل رام داس اور ان کی اہلیہ نے شرکت کی، روایتی قبائلی لوک رقص اور بونال تہوار میں کانگریس قائد کی شرکت، آج آرام کا دن
حیدرآباد 3 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا تلنگانہ میں آج 9 واں دن تھا جبکہ کنیا کماری سے یاترا کے آغاز کو 57 دن مکمل ہوچکے ہیں۔ راہول گاندھی کی پد یاترا صبح 6.00 بجے ردرارم سے شروع ہوئی اور صبح 10.00 بجے سنگا ریڈی پہنچ کر وقفہ لیا گیا۔ شام 4 بجے یاترا شلپا رامم فنکشن ہال سے شروع ہوئی اور سنگا ریڈی کے شیوم پیٹ میں اختتام کو پہنچی۔ راہول گاندھی نے سلطان پور گاؤں اندول میں شب بسری کی ہے۔ یاترا کا 9 واں دن دیگر علاقوں کی طرح کامیاب رہا اور ہزاروں کانگریس کارکنوں و عوام نے راہول گاندھی کا استقبال کیا۔ بڑی تعداد میں مرد و خواتین اور طلبہ کے یاترا میں شامل ہونے کے سبب سیکوریٹی حکام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی ، ارکان اسمبلی جگا ریڈی ، سیتکا ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، اے آئی سی سی سکریٹری ندیم جاوید، کسم کمار اور دیگر قائدین نے یاترا میں حصہ لیا۔ یاترا کے 9 ویں دن کی خصوصیت یہ تھی کہ ہندوستانی بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل رام داس اپنی شریک حیات للیتا رام داس کے ساتھ راہول گاندھی کی یاترا میں شریک ہوئے۔ للیتا رام داس کے والد فوج میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ ہندوستانی بحریہ کے پہلے سربراہ ایڈمرل کٹاری کی دختر ہیں ۔ ایڈمرل رام داس نے ضعیف العمری کے باوجود 89 سال کی عمر میں یاترا میں حصہ لیتے ہوئے دوسروں کا حوصلہ بڑھایا ہے۔ یاترا کے دوران راہول گاندھی نے قبائلیوں کے روایتی دھمسا فوک ڈانس کا مشاہدہ کیا اور کچھ دیر تک فنکاروں کے ساتھ مل کر قبائلی ڈانس میں حصہ لیا۔ تلنگانہ ، آندھراپردیش اور جنوبی واڈیشہ کے علاقوں میں یہ قبائلی رقص شہرت رکھتا ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے قبائلی رقص سے متعلق راہول گاندھی کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ راہول گاندھی کے علاوہ ریونت ریڈی ، جگا ریڈی اور سیتکا نے بھی قبائلی رقص میں حصہ لیا۔ اس موقع پر فنکاروں نے کانگریس قائد کا استقبال کیا۔ فنکاروں نے راہول گاندھی کے ہمراہ سیلفی لی۔ بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہول گاندھی کا تلگو تہذیب کی قدیم روایت کے مطابق استقبال کیا گیا۔ سنگا ریڈی میں ایک مقام پر بونال تہوار کا نمونہ پیش کرکے راہول گاندھی کا استقبال کیا گیا۔ پوتراج روایتی انداز میں اپنے اوپر کوڑے سے ضرب لگا رہے تھے۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی نے بھی کوڑا حاصل کرکے ضرب لگانے کا مظاہرہ کیا جس کے بعد راہول گاندھی نے بھی ایسا مظاہرہ کیا ، جس کا عوام کا جانب سے غیر معمولی استقبال کیا گیا ۔ راہول گاندھی کے حق میں نعروں کی گونج جگہ جگہ سنائی دی۔ یاترا کے نویں دن راہول گاندھی نے اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے دانشوروں سے ملاقات کی۔ کل 4 نومبر آرام کا دن رہے گا اور 5 نومبر کو یاترا دوبارہ شروع ہوگی اور 7 نومبر کو مہاراشٹرا کے ناندیڑ میں داخل ہوگی۔ واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو بھارت جوڑو یاترا تلنگانہ میں داخل ہوئی تھی۔ اے آئی سی سی کے سینئر قائدین کے سی وینو گوپال ، جئے رام رمیش اور ڈگ وجئے سنگھ یاترا کی نگرانی کر رہے ہیں۔ آج صبح شدید سردی کے باوجود راہول گاندھی کی یاترا میں سینکڑوںکی تعداد میں عوام نے شرکت کرکے ملک میں فرقہ پرستی کے خاتمہ کیلئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ر