بی جے پی فرقہ وارانہ ایجنڈہ پر، وی ہنمنت راؤ کا الزام
حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے بی جے پی فلور لیڈر مہیشور ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے راہول گاندھی کی کاسٹ کے بارے میں سوال اٹھایا۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ بی جے پی کے پاس کوئی ایجنڈہ نہیں ہے اور وہ راہول گاندھی کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کا مذہب ہندو اور ان کی کاسٹ برہمن ہے۔ مہیشور ریڈی کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیئے کہ راہول گاندھی نے کمزور طبقات کو سماجی انصاف دلانے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ ملک گیر سطح پر مردم شماری کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ مردم شماری ملک کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے بارے میں اپوزیشن کے بیانات افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں قومی قائدین اور دیوی دیوتاؤں کے مجسموں کو نقصان پہنچانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ بعض طاقتیں ایک سازش کے تحت ان واقعات میں ملوث ہیں تاکہ کانگریس حکومت کو بدنام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو ریاست بھر میں سخت چوکسی اختیار کرنی چاہیئے تاکہ پرامن ماحول کو بگاڑنے کی سازش کامیاب نہ ہوسکے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ پولیس کو مجسموں کی حفاظت کیلئے اقدامات کرنے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ترقی اور فلاحی اسکیمات کے آغاز سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ بی جے پی فرقہ وارانہ ایجنڈہ کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن عوام ان کوششوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔1