راہول گاندھی کی 23 اکتوبر کو حلقہ اسمبلی مکتھل میں آمد

   

تمام تیاریاں اور انتظامات کو قطعیت ، استقبال کیلئے عوام میں زبردست جوش و خروش

مکتھل۔ 20 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس پارٹی کے جواں سال و فعال رہنما اور نہرو خاندان سے تعلق رکھنے والے راہول گاندھی 23 اکتوبر بروز اتوار صبح 7 بجے کرناٹک سے دریائے کرشنا کو عبور کرکے حلقہ اسمبلی مکتھل سے تلنگانہ کی سرحد میں داخل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے دن صبح 7 بجے راہول گاندھی حلقہ اسمبلی مکتھل کے مانگنور منڈل کے موضع گوڈے بلور پہنچیں گے اور گوڈے بلور بائی روڈ پر ایک بڑے جلسہ عام کو مخاطب کرنے کے بعد دو روز کے مختصر وقفہ کیلئے یرمرس ہیلی پیاڈ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر دہلی کیلئے روانہ ہوں گے اور پھر 26 اکتوبر بروز چہارشنبہ دہلی سے شام مکتھل منڈل کے موضع چندہ پور پہنچ کر شب بسری کے بعد 27 اکتوبر سے مستقر مکتھل سے تلنگانہ میں اپنی بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کریں گے جو مکتھل، جکلیر، مریکل، بنڈرپلی اور دیور کدرہ سے محبوب نگر پہونچے گی۔ راہول گاندھی کی آمد اور ان کی اس بھارت جوڑو یاترا کیلئے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر شاندار انتظامات کئے جارہے ہیں اور تقریباً تمام انتظامات کو قطعیت دیا گیا ہے۔ سری ہری صدر ضلع کانگریس نارائن پیٹھ جو انتظامات کی راست نگرانی کررہے ہیں، نے بتایا کہ انتظامات کے سلسلے میں کانگریس ضلع کمیٹی مسلسل پردیش کانگریس کمیٹی سے رابطے میں ہے اور پردیش کانگریس کمیٹی کے ذمہ داران بھی موقع بہ موقع مسلسل دورہ کرتے ہوئے موقع محل کا معائنہ کررہے ہیں اور ضلع کانگریس کمیٹی سے مسلسل رابطہ بنائے ہوئے ہیں جبکہ جائزے کیلئے اب تک پردیش کانگریس کمیٹی صدر ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کی آمد ہوچکی ہے اور آج تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی انچارج مانکیم ٹھاکر، مہیش گوڑ اور دیگر جائزہ کیلئے آرہے ہیں جبکہ ضلع اور ریاست کے اہم قائدین ملو روی و دیگر کیمپ کرتے ہوئے مکتھل میں قیام پذیر ہیں۔ سری ہری صدر ضلع کانگریس کی اطلاع کے بموجب راہول گاندھی کے استقبال کیلئے عوام اور نوجوانوں میں زبردست جوش و خروش پایا جارہا ہے اور عوام راہول گاندھی کی اس بھارت جوڑو یاترا کے استقبال کیلئے خوشگوار ردعمل کا اظۃار کررہے ہیں۔ کرشنا برج موضع گوڈے بلور سے کانگریس پارٹی کی جانب سے راہول گاندھی کیلئے جگہ جگہ خیرمقدمی بیانرس اور راہول گاندھی کی قدآور تصاویر سڑک کے دونوں جانب لگائے گئے ہیں بلکہ حلقہ اسمبلی مکتھل سے محبوب نگر تک راہول گاندھی کی تصاویر کے ساتھ کانگریس قائدین کی جانب سے بڑے بڑے استقبالیہ بیانرس میں بھی زبردست مسابقت دیکھی جارہی ہے جبکہ عوام ملک میں مثبت اور خوشگوار تبدیلی کیلئے راہول گاندھی کی اس بھارت جوڑو یاترا سے امید لگائے ہیں اور انہیں توقع ہے کہ راہول گاندھی ملک کو اس مہنگائی اور اس لوٹ مار والی حکومت سے عوام کو آزاد کرائیں گے۔