راہول گاندھی کے بعد سڑکوں پر نظر آئیں گے قائدین

,

   

تلنگانہ میں ریونت ریڈی اور آندھرا پردیش میں نارا لوکیش 27 جنوری سے کریں گے پدیاترا

حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے قائد راہول گاندھی کے بعد مختلف جماعتوں کے سیاسی قائدین پدیاترا کرتے ہوئے سڑکوں پر نظر آئیں گے۔ تلگو ریاستوں کے قائدین کیلئے پدیاترا کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ تاہم راہول گاندھی کی ’ بھارت جوڑو یاترا ‘ سارے ملک کیلئے ایک ٹرینڈ میں تبدیل ہوگئی ہے۔ راہول گاندھی کی پدیاترا کو مختلف سیاسی جماعتوں کی تائید و حمایت حاصل ہوئی ہے۔ سماجی جہد کاروں، طلبہ کے علاوہ مختلف اہم شخصیتوں اور رضاکارانہ تنظیموں، فلمی شخصیتوں نے اس یاترا کا حصہ بنتے ہوئے اس کو بہت زیادہ کامیاب بنایا ہے۔ راہول گاندھی کا یہ ریمارک ’’ نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھول رہا ہوں ‘‘ کافی مشہور ہوا ہے بلکہ سال 2022 کے اہم ریمارکس میں اس کا شمار ہونے لگا ہے۔ کانگریس نے ملک کی تمام ریاستوں میں ’’ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو ‘‘ یاترا جنوری کے اواخر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی پدیاترا کا آغاز کریں گے۔ امکان ہے کہ تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے قائد ملو بٹی وکرامارکا کی جانب سے بھی پدیاترا کرنے کا امکان ہے۔ پدیاترا کرنے کے معاملے میں دونوں تلگو ریاستوں کے قائدین کا علحدہ مقام ہے۔ سب سے پہلے ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی پدیاترا کرچکے ہیں۔ اس کے بعد چندرا بابو نائیڈو پدیاترا کرچکے ہیں۔ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے فرزند چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی پدیاترا کرچکے ہیں۔ راج شیکھر ریڈی کی دختر شرمیلا دو مرتبہ پدیاترا کرچکی ہیں۔ متحدہ آندھرا پردیش میں بھی انہوں نے پدیاترا کی تھی۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد وہ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی تشکیل دے چکی ہیں اور اب ان کی تلنگانہ میں پدیاترا جاری ہے۔ انہوں نے 3000 کیلو میٹر کا سفر بھی مکمل کرلیا ہے۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے بھی پدیاترا کررہے ہیں۔ جس کے بعد تلگو دیشم پارٹی کے قومی سربراہ و سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے فرزند نارا لوکیش جو تلگودیشم کے جنرل سکریٹری اور سابق وزیر ہیں انہوں نے آئندہ ماہ 27 جنوری سے آندھرا پردیش کے کپم سے اچھاپورم تک 400 دن میں چار ہزار کیلو میٹر پدیاترا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پدیاترا کے پوسٹرس جاری کرتے ہوئے شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔ پدیاترا کو ’’ یووا گالم ‘‘ سے موسوم کیا گیا ہے۔ پدیاترا میں شامل ہونے کی خواہش رکھنے والوں کو فون 9686296862 پر مسڈ کال کرنے یا ویب سائیٹyuvagalam.com پر اپنا نام رجسٹرکرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ پدیاترا کے دوران نارا لوکیش نوجوانوں کے مسائل بالخصوص بیروزگاری، شراب نوشی، منشیات کا استعمال، ریاست بھر کے عوام کے درپیش مسائل کا احاطہ کریں گے اور عوامی مسائل کو جاننے کیلئے وہ پدیاترا کررہے ہیں۔صدر آندھرا پردیش تلگودیشم پارٹی اچم نائیڈو نے پدیاتر کے پوسٹر اور لوگو کی اجرائی کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی جب اپوزیشن میں تھے انہوں نے ہر سال ڈی ایس سی کا انعقاد کرنے اور جاب کیلنڈر جاری کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اقتدار حاصل کرنے کے بعد اپنے ان وعدوں کو فراموش کردیا۔ حکومت کی غلط پالیسیوں سے نوجوان خودکشی کرنے پر مجبور ہورہے ہیں، ہر چار دن میں ایک نوجوان اپنی قیمتی زندگی سے محروم ہورہا ہے۔ نوجوان لڑکیوں کی جنسی ہراسانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پولیس ملازمتوں کیلئے حد عمر میں 5 سال کا اضافہ کرنے کا باربار مطالبہ کرنے پر صرف 2 سال حد عمر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ایسے مسائل کے علاوہ دوسرے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے نارا لوکیش پدیاترا کررہے ہیں۔ن