نئی دہلی 17 اپریل ( ایجنسیز ) دارالحکومت دہلی میں بی جے پی کارکنوں کی جانب سے قائد اپوزیشن راہول گاندھی کی قیامگاہ کے باہر مظاہرہ کیا گیا ۔ بی جے پی کارکنوں نے کہا کہ لوک سبھا میں خواتین تحفظات بل کو ناکام بنائے جانے کے خلاف بطور احتجاج یہ مظاہرہ ہوا ۔ راہول گاندھی کی قیامگاہ کی سمت بڑھتے ہوئے کارکنوں کو پولیس کی جانب سے روک دیا گیا ۔ کئی خواتین کو حراست میں لیا گیا ۔ ان میں پارٹی کی دو خاتون ارکان پارلیمنٹ بھی شامل تھیں ۔ گرفتار شدگان دہلی کی ایم پی بنسوری سوراج بھی شامل ہیں ۔ اس مظاہرہ میں بی جے پی کی خاتون ارکان پارلیمنٹ ہیما مالینی ‘ کمل جیت سہراوت ‘ منجو شرما اور وتسالیہ گپتا بھی شامل تھیں۔ ان تمام نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 131 ویں دستوری ترمیمی بل کو لوک سبھا میں شکست دی ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن پر خواتین کی ہتک کرنے کا الزام عائد کیا ۔