حیدرآباد، 14 اکتوبر (آئی اے این ایس) وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا کیآنیوالی فلم رنا بالی کو مرکزی فلم سرٹیفکیشن بورڈ نے ریلیزکے لیے یو اے سرٹیفکیٹ دے دیا ہے۔ راہول سنکرتیان کی ہدایت کاری میں بننے والی اس تاریخی پس منظرکی فلم کی ریلیز کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔ فلم دنیا بھر کے سنیما گھروں میں 16 اکتوبرکو ریلیز ہوگی۔ فلم کے پروڈیوسر ادارے میتری مووی میکرز نے سوشل میڈیا پر فلم کو سرٹیفکیٹ ملنے کی اطلاع دیتے ہوئے شائقین سے ٹکٹ بک کرنے کی اپیل کی۔ ادارے نے اپنے پیغام میں فلم کو نسل در نسل زندہ رہنے والی کہانی اور ایسی داستان قرار دیا جسے دیکھنا ضروری ہے۔ ساتھ ہی فلم کے ذریعہ تاریخ کی اصلاح اور ماضی کے واقعات کو نئے زاویے سے پیش کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔ رنا بالی رواں سال کی سب سے زیادہ انتظارکی جانے والی فلموں میں شمارکی جارہی ہے۔ اس کی ریلیز پہلے11 ستمبرکو مقرر تھی، تاہم بعد میں تاریخ تبدیل کرکے 16 اکتوبرکردی گئی۔فلم میں وجے دیوراکونڈا، رنا بالی کا کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ رشمیکا مندانا ان کی بیوی جیمّا کے کردار میں نظر آئیں گی۔ ہالی ووڈ فلم ’دی ممی‘ میں اپنی اداکاری کے لیے معروف آرنلڈ ووسلو فلم میں مخالف کردار سر تھیوڈور ہیکٹرکا کردار ادا کررہے ہیں۔فلم کو نوین یرنینینی اور وائی روی شنکر نے بڑے پیمانے پر پروڈیوس کیا ہے، جبکہ ٹی سیریز اسے پیش کررہی ہے۔ برطانوی دورکے پس منظر میں بنائی گئی یہ فلم ایک تاریخی ایکشن ڈراما ہے۔19ویں صدی کے حالات پر مبنی اس فلم کی کہانی 1854 سے 1878کے درمیان پیش آنے والے حقیقی تاریخی واقعات سے متاثر بتائی جاتی ہے۔ اسے ایک بڑے پین انڈیا پروجیکٹ کے طور پر تیارکیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق رنا بالی کی کہانی 1850 کی دہائی کے بعض ایسے حقیقی واقعات سے متاثر ہے جنہیں مرکزی دھارے کی تاریخ کی کتابوں میں مناسب جگہ نہیں مل سکی۔ بتایا جاتا ہے کہ فلم 1850 سے 1900 کے درمیان پیش آنے والے واقعات کو پیش کرے گی جنہیں برطانوی دور میں تاریخ کے اندر غلط انداز میں بیان کیا گیا تھا۔