نئی دہلی۔ سی بی آئی نے ناگپور میں تعینات ایک ریلوے انجینئرکو 1.80 لاکھ روپے کی رشوت طلب کرنے اور قبول کرنے کے الزام میں گرفتارکیا ہے، ایک عہدیدار نے جمعہ کو تفصیلات بتائی ہیں ملزم کی شناخت اے بی چترویدی، اسسٹنٹ ڈویڑنل انجینئر (ساؤتھ)، سنٹرل ریلوے، ناگپور کے طور پر ہوئی ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی نے کہا کہ مذکورہ عہدیدار کے خلاف ایک شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا تھا جہاں شکایت کنندہ نے کہا تھا کہ ملزم انجینئر شکایت کنندہ کی فرم کے کچھ بلوں کو پاس کرنے کے لیے 1,80,000 روپے کی رشوت مانگ رہا تھا۔ مزید الزام لگایا گیا تھا کہ ملزم نے شکایت کنندہ کی فرم کے کل بل کا 2 فیصد89.55 لاکھ روپے کی رشوت طلب کی۔ سی بی آئی نے جال بچھا کر ملزم کو رشوت کی رقم مانگتے اور قبول کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ ملزمان کے ٹھکانوںسے تقریباً 60.62 لاکھ روپے کی نقدی اور دیگر مجرمانہ دستاویزات برآمد ہوئیں۔