رضاکارانہ لاک ڈاون ختم ۔ شہر کے اہم بازار کھول دئے گئے

   

گاہکوں و ملازمین کے تحفظ کیلئے دوکانات میںصفائی اور احتیاطی اقدامات پر توجہ

حیدرآباد۔ شہر کے بازاروں میں رضاکارانہ لاک ڈاؤن کا آج اختتام ہوا ۔شہر میں کورونا کے بڑھتے مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے بیگم بازار کے علاوہ کئی بازاروں میں تاجرین نے اپنے طور پر رضاکارانہ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا اور اس کی مدت 5جولائی کو ختم ہوچکی ہے جس کے ساتھ آج تمام بازار دوبارہ کھول دیئے گئے ۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں تاجرین کی جانب سے از خود لاک ڈاؤن کے بیگم بازار‘ جنرل بازار سکندرآباد کے علاوہ بعض دیگر مقامات پر مثبت اثرات دیکھے گئے جبکہ شہر کے بعض بازاروں میں لاک ڈاؤن کے اعلان کے باوجود تاجرین نے دکانات کھلی رکھنے کو ترجیح دی ۔بیگم بازار کے علاوہ دیگر بازاروں کے تاجرین نے واضح کیا کہ شہر کے موجودہ حالات میں کاروبار سے زیادہ اہم زندگی ہے اور زندگی باقی رہی تو دوبارہ کاروبار کر سکتے ہیں لیکن کاروبار کے سبب زندگی ختم ہوجائے گی تو ایسے کاروبار سے کیا حاصل ۔بیگم بازار تاجرین نے اعلان کیا ہے کہ اب جبکہ بازار کھول دئیے گئے ہیں اس کے بعد اس بازار میں تجارتی اداروں کے ذمہ داروں اور مالکین نے فیصلہ کیا ہے کہ صبح 10 بجے تا شام 5بجے ہی کاروبار کئے جائیں گے ۔شہر کے کئی تجارتی بازاروں میں دکانات جلد بند کرنے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ جلد عوامی چہل پہل سے بازاروں کو پاک کیا جاسکے۔ جن تجارتی اداروں کی جانب سے رضـاکارانہ بند کا فیصلہ کیا گیا تھا ان سے حکومت کے علاوہ تاجرین کی تنظیموں اورسیاسی جماعتوں نے بھی خیر مقدم تھا اور اب جبکہ 5جولائی تک کے رضاکارانہ لاک ڈاؤن کا اختتام ہوچکا ہے تو تاجرین کا کہناہے کہ اب صفائی کے علاوہ ماسک کا خصوصی خیال رکھا جائے گا تاکہ بازاروں میں موجود افراد کو محفوظ کرنے کے علاوہ ملازمین کو راحت کے ساتھ خدمات کی انجام دہی کا ماحول فراہم کیا جائے ۔بازاروں کے کھول دیئے جانے کے باوجود بھی آج پہلے دن بازار میں کوئی ہجوم نہیں دیکھا گیا اور نہ تاجرین نے دلچسپی دکھائی ہے۔