رفح شہر پر اسرائیلی حملوں میں شدت، مزید ہلاکتیں

   

غزہ : اسرائیل نے زمینی کارروائی کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ رفح کے محفوظ زون پر فضائی حملوں کو بڑھا دیا ہے۔اسرائیل کے رفح پر فضائی حملوں میں 28 فلسطینی جاں بحق ہوگئے جن میں 10 بچے بھی شامل ہیں جب کہ درجن سے زائد زخمی ہیں۔ نیتن
یاہو کی جانب سے رفح پر حملے اور حماس کے خاتمے کیلئے مانگے گئے منصوبے کے چند گھنٹوں بعد ہی اسرائیلی فوج نے رفح پر وحشیانہ بمباری کردی۔ نیتن یاہو نے فوج سے یہ بھی کہا تھا کہ وہ زمینی حملوں سے قبل جنوبی غزہ شہر سے لاکھوں لوگوں کے انخلاء کا منصوبہ بنائے اس اعلان کے بعد سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔آج صبح ہونے والی اسرائیلی بمباری میں 28 فلسطینی جاں بحق اور درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔یاد رہے کہ غزہ کے 23 لاکھ شہریوں میں سے نصف سے زائد رفح میں پناہ لیے ہوئے ہوئے ہیں اور تقریباً روز ہی اسرائیل یہاں بمباری کر رہا ہے۔ صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ خان یونس کے سب سے بڑے ناصر اسپتال پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس میں ایک فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔