رفح و دیگرعلاقوں میں اسرائیلی بمباری، 20 فلسطینی شہید

   

غزہ: اسرائیلی فوج نے رفح سمیت غزہ کے مختلف علاقوں میں بمباری کر کے مزید 20 فلسطینی قتل کر دئیے ہیں۔ اسرائیلی بمباری منگل کے دن بہت ابتدائی گھڑیوں میں سحری کے اوقات کے نزدیک کی گئی ۔ جس میں غزہ کے وسطی حصوں اور رفح کو نشانہ بنایا گیا۔ غزہ کے میڈیکل حکام کے مطابق غزہ کے انتہائی جنوب میں واقع شہر رفح جو ان دنوں 15 لاکھ پناہ گزینوں کا مرکز ہے اس پر بمباری سے 14 فلسطینی ہلاک ہوئے جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ۔ بمباری کے نتیجے میں کئی عمارات اور مکان تباہ ہو گئے ۔ادھر وسطی غزہ کے علاقے نصیرات میں بمباری کے نتیجے میں مزید چھ فلسطینی ہلاک ہو گئے ۔ یہ بمباری دیر البلاح میں کی گئی۔ دھماکوں کی آوازیں اور دھواں اٹھتا رہا اور پناہ گزینوں کے خیمے نشانہ بنے ۔ اب تک اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 31 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں دوتہائی تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے ۔ رمضان المبارک میں اسرائیلی بمباری اور حملوں کا یہ سلسلہ جاری ہے ۔