رمضان المبارک میں غریب مسلمانوں کو اناج کے گفٹ پیاکٹس

,

   

اقلیتی بہبود عہدیداروں کو طریقہ کار طئے کرنے چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت
حیدرآباد۔25 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ رمضان المبارک میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب مسلمانوں کیلئے اناج پر مشتمل گفٹ پیاکٹس کی تقسیم کے سلسلے میں طریقہ کار کو قطعیت دیں۔ باوثوق ذرائع کے بموجب چیف منسٹر نے ہر سال اپنی دعوت افطار اور ریاست بھر کی مساجد میں دعوت افطار اور غریبوں میں گفٹ پیاکٹ کی تقسیم سے متعلق بجٹ کو رمضان المبارک میں اناج کی تقسیم کیلئے خرچ کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ چیف منسٹر کی دعوت افطار کیلئے 1.83 کروڑ روپئے اور مساجد میں افطار اور کپڑوں کی تقسیم کیلئے 66 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے۔ اب جبکہ کورونا لاک ڈاؤن کے درمیان رمضان المبارک کا آغاز ہوا اور وائرس کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں توسیع کے امکانات ہیں، لہذا چیف منسٹر نے غریب مسلمانوں میں اناج اور ضروری اشیاء کی تقسیم سے اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ سابق وزیر محمد علی شبیر نے چیف منسٹر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے غریب مسلمانوں کی حالت ِ زار کی جانب توجہ مبذول کروائی اور دعوت افطار کے اخراجات کو غذائی اجناس کی تقسیم پر خرچ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ محمد علی شبیر کے مکتوب پر کارروائی کرتے ہوئے چیف منسٹر نے اقلیتی بہبود کے مشیر اے کے خاں سے اس سلسلے میں مشاورت کی اور انہیں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ غذائی اجناس کی تقسیم اور اس کے طریقہ کار کے بارے میں رپورٹ میں وضاحت کی جائے گی۔ چیف منسٹر نہ صرف حیدرآباد بلکہ تمام اضلاع میں اجناس پر مشتمل گفٹ پیاکٹس کی تقسیم کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ رمضان المبارک میں غریبوں کو سحر اور افطار میں دشواری نہ ہو۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود بہت جلد چیف منسٹر کو اپنی رپورٹ پیش کردیگا اور رمضان کے آخری دہے میں اجناس پر مشتمل گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آئیگی۔ محمد علی شبیر نے پیاکٹس میں چاول کے علاوہ دال، خوردنی تیل، آٹا، شکر، نمک، مرچ پاؤڈر، ہلدی اور دیگر اشیاء کو شامل کرنے کا مشورہ دیا ۔ جاریہ سال رمضان میں چیف منسٹر کی دعوت افطار کے اہتمام کا کوئی امکان نہیں ہے، اس کے علاوہ مساجد میں افطار اور طعام کا اہتمام نہیں کیا جائے گا۔