رمضان المبارک کے دوران مساجد میں عبادتوں سے گریز کیا جائے

   

مختار عباس نقوی کی وقف بورڈ صدورنشین سے ویڈیو کانفرنس، تلنگانہ کے لیے 6 کروڑ جاری کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 16 اپریل (سیاست نیوز) مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج ملک کے تمام وقف بورڈ صدورنشین کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ انہوں نے وقف بورڈ سے خواہش کی کہ وہ لاک ڈائون کی کامیابی کے لیے مذہبی اسکالرس کی مدد حاصل کرے۔ لاک ڈائون پر سختی سے عمل آوری کے ذریعہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکتا ہے لہٰذا وقف بورڈ کو چاہئے کہ مذہبی شخصیتوں کے ذریعہ مسلمانوں میں شعور بیدار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 25 اپریل سے مقدس ماہ رمضان کا آغاز ہوگا۔ ایسے میں وقف بورڈس کی ذمہ داری ہے کہ وہ سماجی دوری برقرار رکھنے کے اقدامات کرے۔ مذہبی شخصیتوں کا تعاون حاصل کرتے ہوئے مقامی نظم و نسق کی مدد کی جائے تاکہ مساجد میں ہجوم کو روکا جاسکے۔ پنجوقتہ نمازوں، افطار اور تراویح کے موقع پر مساجد کے بجائے گھروں میں رہنے کی تلقین کی جائے۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران اکثر مساجد میں بڑے اجتماعات منعقد ہوتے ہیں۔ کورونا وائرس کے خطرے کو دیکھتے ہوئے حکومت نے تمام مذاہب کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔ ہر طبقے کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت سے تعاون کرے۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو تلنگانہ میں وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے تمام تر احتیاطی قدم اٹھارہے ہیں اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں اور غیر مقامی لیبر کو اناج اور معاشی امداد دی جارہی ہے تاکہ لاک ڈائون کے دوران انہیں کوئی مصیبت نہ ہو۔ محمد سلیم نے بتایا کہ لاکھوں کی تعداد میں غریب خاندانوں کو چاول تقسیم کیا گیا اور امدادی رقم بینک اکائونٹس میں جمع کی گئیں۔ تلنگانہ وقف بورڈ نے مساجد کی منیجنگ کمیٹیوں اور متولیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوام کو جمع ہونے سے روکیں۔ انہیں چاہئے کہ وہ گھروں میں نماز اور دیگر عبادت کی ادائیگی کے سلسلہ میں اپیل جاری کریں۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی ہدایات پر عمل کرنا ہر کسی کی ذمہ داری ہے۔ محمد سلیم نے مرکزی وزیر سے درخواست کی کہ لاک ڈائون سے متاثرہ غریبوں میں اناج اور دیگر ضروری اشیاء کی سربراہی کے لیے تمام وقف بورڈس کو گرانٹ جاری کی جائے۔ انہوں نے تلنگانہ وقف بورڈ کو 5 تا 6 کروڑ روپئے فراہم کرنے کی درخواست کی۔ مختار عباس نقوی اور دیگر ریاستوں کے صدور نشین وقف بورڈ نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے تلنگانہ حکومت کے اقدامات کی ستائش کی۔ آسام، منی پور، راجستھان، مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں کے صدورنشین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسرس نے ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔