رمضان کی آمد کے ساتھ ہی امارات میں قیدیوں کی رہائی کا حکم

   

دبئی۔/23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید ا?ل نہیان نے رمضان کی آمد پر 1511 قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کیا ہے۔ رہا کیے جانے والے قیدی قرضے ادا نہ کرنے کی وجہ سے جیلوں میں بند ہیں۔ امارات کے صدر ان کے قرضے اپنی طرف سے ادا کریں گے۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کا معمول ہے کہ اس کی قیادت عفو و درگزر اور روا داری کے جذبے سے رمضان، عید الفطر اور عید الاضحی کے مواقع پر ایسے قیدیوں کی رہائی کیفرمان جاری کرتی ہے جو اصلاح خانوں میں ہوتے ہیں یا قرضے ادا نہ کرنے کی وجہ سے قید کردیے جاتے ہیں۔ امارات کے نائب صدر اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد ال مکتوم نے رمضان کی آمد پر مختلف ممالک کے 874 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا۔ انہو ں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ یہ لوگ عبادت کا مہینہ اور پھرعید الفطر کی خوشیاں اپنے اہل و عیال کے ساتھ مناسکیں۔
دبئی پولیس نے فیصلے پر عمل درآمد شروع کردیا۔امارات کی ایک ریاست راس الخیمہ کے حکمراں شیخ سعود بن صقر القاسمی نے رمضان کی آمد پر 584 قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کیا۔ راس الخیمہ کی جیلو ں میں قید مقامی اور غیرملکی رہا کیے جارہے ہیں۔عرب امارات کی ایک اور ریاست الفجیرہ کے حاکم شیخ حمد بن محمد الشرقی نے 72 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ یہ لوگ اچھی زندگی شروع کریں گے اور ان کی رہائی سے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو خوشی ملے گی۔