رمضان کے پیش نظر پولیس کے سکیوریٹی انتظامات

   

کمشنر انجنی کمار کا پرانے شہر کا دورہ ۔ مکہ مسجد و دیگر مقامات کا معائنہ
حیدرآباد۔/26 اپریل، ( سیاست نیوز)ماہ رمضان کے آغاز کیلئے صرف چند دن باقی رہ گئے ہیں جس کے پیش نظر سٹی پولیس کی جانب سے سیکورٹی انتظامات کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ پولیس کمشنر مسٹر انجنی کمار نے جمعہ کے موقع پر پرانے شہر کا دورہ کیا اور تاریخی مکہ مسجد و دیگر علاقوں کا معائنہ کیا۔ ماہ رمضان کے دوران مکہ مسجد کے علاوہ جامع مسجد چوک، مسجد وزیر علی اور دیگر اہم مساجد پر انسپکٹر رتبہ کے عہدیداروں کو متعین کیا جائے گا جبکہ نماز تراویح کی ادائیگی کے دوران پولیس خصوصی توجہ رکھے گی اور اہم مساجد کے قریب بم ڈیٹکشن اسکواڈ بھی متعین کیا جائے گا۔ ماہ رمضان کے دوران پرانے شہر کے بازاروں میں سرقہ اور رہزنی کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے کمشنر ٹاسک فورس اور سنٹرل کرائم اسٹیشن کے عملے کو بھی متعین کیا جائے گا۔ ٹریفک کے بہاؤ کو باقاعدہ بنانے ٹریفک پولیس خاص توجہ مرکوز کریگی اور مکہ مسجد میں تراویح کیلئے آنے والے مصلیوں کیلئے یونانی دواخانہ چارمینار اور چارمینار بس اسٹانڈ اور اطراف کے علاقوں میں پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران تجارتی اداروں اور دکانات کو رات دیر گئے تک کھلا رکھنے کی اجازت رہے گی اور پرہجوم علاقوں میں مزید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔