ممبئی۔لیجنڈری کرکٹر دلیپ وینگسرکر کا خیال ہے کہ ہندوستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے سیریز کے لیے ان فارم بیٹسمین روتوراج گائیکواڈ کو قومی ٹیم میں شامل کرنا چاہیے۔روتوراج حالیہ دنوں میں بہترین فارم میں ہیں۔ اس سے پہلے چینائی سوپرکنگزکے اوپنر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2021 میں اورنج کیپ حاصل کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بنے اور اب انہوں نے وجے ہزارے ٹرافی میں لگاتار تین سنچریاں بنائے ہیں، جس نے انہیں ہندوستانی ونڈے اسکواڈ کا مضبوط دعویدار بنا دیا ہے۔وینگسرکر نے کہا کہ سلیکٹرزکو روتوراج کو قومی جرسی میں اپنی قابلیت ثابت کرنے کا موقع دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو فارم میں ایک آدمی کو چننا چاہیے۔ اسے خودکو ثابت کرنے کے لیے مزید کتنے رنز بنانے کی ضرورت ہے؟ یہ وقت آگیا ہے کہ سلیکٹرز اسے فوراً منتخب کریں اور اسے مناسب وقت دیں۔وہ (رتوراج) نمبر 3 پر بھی بیٹنگ کرسکتا ہے۔ اسے ٹیم میں جگہ دی جانی چاہیے۔ ایسا نہیں ہے کہ وہ 18 یا 19 سال کا ہے۔ وہ اب 24 سال کا ہے۔ جب وہ 28 سال کا ہو جائے گا تو اسے لینے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔روتوراج آئی پی ایل کے 2021 ایڈیشن میں 45.35 کی اوسط سے 635 رنز بناکر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے اور رواں وجے ہزارے ٹرافی میں مہاراشٹر کے کپتان نے اب تین اننگز میں 207 کی اوسط سے 414 رنز بنائے ہیں اور اس میں لگاتار تین سنچریاں شامل ہیں۔گائیکواڈ نے مدھیہ پردیش کے خلاف 136، چھتیس گڑھ کے خلاف ناقابل شکست 154، اور کیرالہ کے خلاف صرف 129 گیندوں پر شاندار 124 رنز بنائے۔