ماسکو : روس 7 سے 8 جولائی کے بعد بیلاروس میں کم فاصلہ نیوکلیر ہتھیاروں کی تنصیب شروع کرے گا۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنے بیلاروسی ہم منصب الیگزینڈر لوکاشینکو کو یہ بات آج سوشی میں ہونے والی ایک ملاقات میں بتائی۔ کریملن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پوٹن کا کہنا تھا کہ ہر کام منصوبہ بندی کے مطابق ہو رہا ہے، سب کچھ مستحکم ہے۔ قبل ازیں دونوں شخصیات نے روس سے زمین پر نصب ہونے والے کم فاصلہ نیوکلیر میزائل نصب کرنے کے حوالے سے اتفاق کیا تھا۔ واضح رہے کہ سوویت یونین ٹوٹنے کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ روس اپنے وارہیڈز ملک سے باہر نصب کرے گا۔ صدر پوٹن کا کہنا تھا کہ ’اسکندر‘ نامی کم فاصلہ بیلسٹک میزائل پہلے ہی بیلاروس کے حوالے کیے جاچکے ہیں۔