روس نیواسٹارٹ معاہدہ ختم کرنے پر نظرثانی کرے : ناٹو

   

برسلز:ناٹو کے سیکرٹری جنرل ینز اسٹولٹن برگ نے روس کی جانب سے نیو اسٹارٹ معاہدے میں شرکت کی معطلی کو ہتھیاروں کے کنٹرول کی مفاہمت کے خاتمے کے مترادف قرار دیا اور روس سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اسٹولٹن برگ نے بیلجیئم کے برسلز میں ناٹو ہیڈ کوارٹر میں یوکرین کے وزیر خارجہ دیمترو کولیبا اور یورپی یونین کے خارجہ تعلقات اور سلامتی پالیسی کے لیے اعلی نمائندے جوزپ بوریل سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا،نیوا سٹارٹ معاہدے کو معطل کرنے کے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے فیصلے کا جائزہ لیتے ہوئے اسٹولٹن برگ نے کہا کہ انہیں اس فیصلہ پر افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں روس نے ہتھیاروں کے کنٹرول کے اہم معاہدوں کی خلاف ورزی کی ہے یا ان سے ہٹ گیا ہے، اس فیصلہ کے ساتھ ہتھیاروں کے کنٹرول کا پورا ڈھانچہ تباہ ہو گیا ہے، میں روس کو سختی سے مشورہ دیتا ہوں کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور موجودہ معاہدوں کا احترام کرے۔