واشنگٹن : امریکہ کے وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ روس کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خارج کرنا ضروری ہے۔اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کی 49 ویں نشست سے خطاب میں بلنکن نے روس پر تنقید کی اور کہا ہے کہ روس نے یوکرین کے خلاف بے سبب اور ناحق جنگ شروع کر کے بین الاقوامی قانون کی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ یہی نہیں بلکہ روس ایک انسانی بحران کا بھی سبب بنا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ روسی حملے اسکولوں، ہسپتالوں اور رہائشی مکانات کو ہدف بنا رہے ہیں۔ پورے یوکرین میں پینے کے پانی، گیس اور بجلی کے انفراسٹرکچر کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ شہری گاڑیوں، بسوں یہاں تک کہ ایمبولینسوں تک پر بمباری کی گئی ہے۔ روس پورے یوکرین میں ہر روز یہ سب کچھ کر رہا ہے۔بلنکن نے کہا ہے کہ حملوں میں بیسیوں شہری ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔ نصف ملین سے زائد انسان ملک سے نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اگر صدر پوتن یوکرین کی منتخب حکومت کا تختہ اْلٹنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو انسانی حقوق اور انسانی بحران کی حالت اور بھی خراب ہو جائے گی۔ روس کے کریمیا پر قبضے کے دوران عدالت سے بالا پھانسیوں، تشدد، بے سبب حراستوں، نسلی و دینی اقلیتوں پر ظلم اور مخالفین پر ظالمانہ دباو پر نگاہ ڈالیں۔