بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر روس اور یوکرین کے جنگ کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی صدر نے روس اور یوکرین جنگ سے پیدا ہونے والی صورت حال پر جرمن چانسلر اولاف شولس اور فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون سے وڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کی۔ چینی صدر شی جن پنگ نے جنگ سے پیدا ہونے والی صورت حال کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک کے درمیان جنگ کو دیکھ کربہت غمزدہ ہوں۔ صدر شی جن پنگ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ چین فرانس، جرمنی سمیت دیگر یورپی ممالک کے ساتھ جنگ کے خاتمے پر معاونت اور مشاورت کرتا رہے گا۔