روہنگیا مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کی تحقیقات کا آغاز

,

   

ہیگ: روہنگیا میں مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کی تحقیقات کیلئے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے اہل کاروں نے شواہد جمع کرنا شروع کردئے ہیں۔ عدالتی پراسکیوٹر آفس کے جوڈیشل ڈیویژن ڈائرکٹر فاکیسو موچو چوکو نے بتایا کہ تحقیقاتی ٹیم بنگلہ دیش میں پناہ گزیں روہنگیائی کیمپوں کا دورہ کرے گی۔ واضح رہے کہ روہنگیا میں مظالم کے سبب لاکھوں روہنگیائی مسلمان بنگلہ دیش میں آکر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے میانمار حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں مکمل تعاون کرے۔ فاکیسو نے کہا کہ عدالت کے پاس معاہدہ روم کے تحت انسانیت مخالف جرائم کی تحقیقات کا اختیار ہے کیونکہ بنگلہ دیش اس معاہدہ کا حصہ ہے۔ فاکیسو نے کہا کہ میانمار کے تعاون کے بغیر تحقیقات کرنا مشکل ہوگا۔

آئی سی سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ یہ انوسٹی گیشن ایک چیلنج ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا تجربہ رہا ہے کہ کئی ممالک نے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا تھا۔ ہماری حکام کو اپنی سرزمین پر آنے نہیں دے رہے تھے لیکن پھر بھی ہم نے اپنی تحقیقات مکمل کی او رمجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا۔ واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت روم معاہدہ کے تحت قائم کی گئی تھی۔ اس معاہدے میں اسرائیل، میانمار سمیت کئی ممالک نے دستخط نہیں کئے ہیں۔ اس لئے وہ اس دائرہ میں نہیں آتے ہیں۔