نارائن کھیڑ ۔ 30ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن اسمبلی نارائن کھیڑ ڈاکٹر پی سنجیوا ریڈی نے ریاست تلنگانہ کے اقلیتی بہبود کے وزیر محمد اظہرالدین سے حیدرآباد میں ملاقات کر کے نارائن کھیڑ حلقہ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے وزیر اقلیتی بہبود سے درخواست کی کہ نارائن کھیڑ میونسپل ٹاؤن میں اقلیتوں کی سہولت کے لیے ’شادی خانہ‘ کی عمارت کی تعمیر کے لیے 50 لاکھ روپئے کے ساتھ ساتھ میونسپلٹی کے اندر موجود اقلیتی خواتین کے خود روزگار کے لیے 500 سلائی مشینیں فراہم کی جائیں۔ وزیراقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے ڈاکٹر پی سنجیوا ریڈی کی اس درخواست کا مثبت جواب دیا اور یقین دلایا کہ حلقہ کے لیے جلد ہی اضافی سلائی مشینوں کی منظوری اور شادی خانہ کی تعمیر کیلئے رقم کی منظوری کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔