رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کو دھمکی آمیز کالس

   

حیدرآباد : /13 نومبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے دھمکی آمیز فون کالس ملنے پر سائبرآباد پولیس سے شکایت درج کروائی ۔ بتایا جاتا ہے کہ رکن اسمبلی نے مادھاپور اے سی پی سی ایچ رگھونندن راؤ سے شکایت درج کروائی جس میں یہ کہا کہ انہیں اترپردیش اور گجرات سے فون کالس آرہے ہیں اور فون کرنے والے افراد انتہائی نازیبا الفاظ کا استعمال کرکے جان سے مارنے کی دھمکی دے رہے ہیں ۔ پولیس مادھاپور نے ایک مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ اکٹوبر میں پائلٹ روہت ریڈی نے معین آباد پولیس سے شکایت کرکے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو کروڑہا روپئے کے عوض خریدنے کی کوشش کا الزام عائد کیا تھا جس پر پولیس نے فارم ہاؤز پر دھاوا کرکے راما چندرا بھارتی عرف ستیش شرما ، سمہایاجی اور ننداکمار کو گرفتار کیا تھا ۔ پولیس نے ملزمین کو گرفتار کرکے تحقیقات کیلئے تحویل بھی حاصل کی تھی ۔ اسی طرح کولاپور ٹی آر ایس رکن اسمبلی ہرش وردھن ریڈی نے بھی پولیس بنجارہ ہلز سے شکایت درج میں بتایا کہ انہیں دھمکی آمیز کالس آرہے ہیں اور اس پر کارروائی کی جائے ۔ پولیس بنجارہ ہلز نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔