رکن اسمبلی کاروان کو دھمکی آمیز کال کرنے والا ہوٹل ملازم گرفتار

   

حیدرآباد۔ ٹاسک فورس نے رکن اسمبلی کاروان کوثر محی الدین کو دھمکی آمیز کال کرنے اور 50 لاکھ روپئے کا مطالبہ کرنے والے ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو ہوٹل ملازم بتایا گیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب ہوٹل ملازم بلال کی دو ماہ قبل ہمایوں نگر کے علاقہ میں رکن اسمبلی کے فرزند کے ساتھ کسی بات پر تکرار ہوگئی تھی ۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس نوجوان نے رکن اسمبلی کو فون کرکے 50 لاکھ روپئے ادا کرنے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر فرزند کواغوا کرنے کی دھمکی بھی دی تھی ۔ رکن اسمبلی نے پولیس کو اس فون کال سے واقف کروایا تھا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا تھا ۔ اب ٹاسک فورس پولیس نے اس نوجوان کو گرفتار کرکے پولیس بنجارہ ہلز کے حوالے کردیا تاکہ مزید کارروائی کی جاسکے ۔