رکن اسمبلی کوشک ریڈی کے خلاف کارروائی کرنے سریدھر بابو کا اعلان

   

سیاسی کیریئر میں ایسا واقعہ نہیں دیکھا: اتم کمار ریڈی
حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) ریاستی وزراء سریدھر بابو اور اتم کمار ریڈی نے بی آر ایس کے رکن اسمبلی کوشک ریڈی کی جانب سے رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے پر حملہ کی کوشش کی مذمت کی ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نے کریم نگر کلکٹریٹ میں پیش آئے واقعہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ غریبوںکی بھلائی سے متعلق پروگرام میں بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی کا رویہ قابل اعتراض تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی مداخلت کے نتیجہ میں کوشک ریڈی پر قابو پایا جاسکا۔ اس واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے واضح کیا کہ کوشک ریڈی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان رکن اسمبلی کو عوام کیلئے مثال ہونا چاہیئے لیکن انہوں نے اپنے رویہ کے ذریعہ ارکان اسمبلی کے وقار کو مجروح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد سستی شہرت حاصل کرنا نہیں تھا بلکہ غریبوں کی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لینا تھا۔ جائزہ اجلاس کی صدارت وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کررہے تھے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ کوشک ریڈی نے سستی شہرت کیلئے ساتھی رکن اسمبلی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی کیریئر میں انہوں نے آج تک اس طرح کا واقعہ نہیں دیکھا ہے۔ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر عوامی نمائندوں نے سرکاری اجلاس میں شرکت کی اور تمام پارٹیوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ اجلاس کے مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے کوشک ریڈی نے یہ حرکت کی ہے۔1