رکن اسمبلی گنیش گپتا کا اقلیتی قائدین کے ساتھ اجلاس

   

نظام آباد :27؍ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )رکن اسمبلی نظا م آباد اربن بیگالہ گنیش گپتا کی جانب سے اقلیتی قائدین کے ساتھ ایک ملاقاتی اجلاس منعقد کیا ۔ اس اجلاس میں سابق ریڈ کو چیرمین ایس اے علیم ، مئیر نیتو کرن ، سابق ڈپٹی مئیر میر مجاز علی ، حج کمیٹی کے رکن نوید اقبال ، کارپوریٹر ایم اے قدوس ، اکبر حسین کے علاوہ دیگر اقلیتی نمائندوں نے شرکت کی اور اس موقع پر مسٹر گنیش گپتا نے کہا کہ بی آرایس حکومت کی جانب سے شہر کی ترقی کیلئے ایک ہزار کروڑ روپئے سے کئی ترقیاتی کام انجام دئیے گئے اور ہر ڈیویژن میں ایک کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے ترقیاتی کام انجام دئیے گئے ۔ اقلیتی بہبود کو فروغ دینے کی غرض سے بڑے پیمانے پر اقدامات کرتے ہوئے اقلیتی اقامتی مدارس کا قیام عمل میں لاتے ہوئے طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کی گئی ۔ 2016 ء سے اب تک شادی مبارک ، آسرا وظائف کے علاوہ دیگر کاموں کو انجام دیا گیا ۔ نظام آباد میں 8 اقامتی مدارس میں 4 ہزار طلباء زیر تعلیم ہے اور آئندہ بھی اقلیتوں کیلئے سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے شہر کی ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جائیں گے ۔