حیدرآباد : /27 اپریل (سیاست نیوز) سابق وزیر رکن قانون ساز کونسل پٹنم مہندر ریڈی کے خلاف تانڈور پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ چہارشنبہ کو سوشیل میڈیا بشمول واٹس ایپ فیس بک اور یو ٹیوب پر مہندر ریڈی اور انسپکٹر تانڈور ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے درمیان گفتگو کی آڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ازخود کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا ہے ۔ مبینہ آڈیو کلپ میں یہ بتایا گیا ہے کہ رکن قانون ساز کونسل پٹنم مہندر ریڈی انسپکٹر سے بدکلامی کرتے ہوئے انہیں دھمکارہے ہیں ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں سابق وزیر کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 353 ، 504 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔