فی مربع فٹ 25 ہزار، شہری علاقوں کی ترقی اور توسیع پر رہائشی قیمتوں کا انحصار
حیدرآباد 30 جون (سیاست نیوز) ملک میں شہری علاقوں کی تیز رفتار ترقی اور توسیع نے جائیدادوں کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔ ہندوستان کے مختلف شہروں میں جائیدادوں اور اراضیات کی قیمتوں سے متعلق سروے میں اِس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ شہری علاقوں کی توسیع کے نتیجہ میں دیہی علاقوں میں بھی اراضی کی قیمت میں اضافہ کا رجحان ہے۔ قومی سطح پر فی مربع فٹ 12895 روپئے کی قیمت کا تعین کیا گیا۔ رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں کے معاملہ میں مہاراشٹرا ملک میں سرفہرست ہے۔ ہندوستان کے مالیاتی اور تجارتی دارالحکومت کے طور پر اپنی شناخت رکھنے والے مہاراشٹرا نے دیگر ریاستوں میں صنعتی ترقی کے باوجود اپنی سبقت کو برقرار رکھا ہے۔ مہاراشٹرا میں رہائشی جائیدادوں کی قیمت 25 ہزار فی مربع فٹ ہے جبکہ کرناٹک 13000 روپئے فی مربع فٹ کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں کرناٹک نے اپنی سبقت کو برقرار رکھا ہے اور ملٹی نیشنل کمپنیوں نے اپنی سرگرمیوں میں توسیع کے لئے ہمیشہ کرناٹک کو ترجیح دی ہے۔ متحدہ آندھراپردیش اور پھر ریاست کی تقسیم کے بعد تلنگانہ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کو فروغ حاصل ہوا لیکن رہائشی جائیدادوں کی قیمت انتہائی واجبی درج کی گئی ہے۔ تلنگانہ میں رہائشی جائیداد فی مربع فٹ 7400 روپئے میں دستیاب ہے۔ رہائشی جائیدادوں کی قیمت کے معاملہ میں جنوبی ہند کی ریاستوں نے اپنی سبقت کو برقرار رکھا ہے جبکہ مشرقی اور شمال مشرقی ریاستوں میں رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں کو عام آدمی کی دسترس میں بتایا جارہا ہے۔ رہائشی جائیدادوں کی قیمت کا تعین اور اُس میں اُتار چڑھاؤ کو ریاستوں میں صنعتی سرگرمیوں سے مربوط کیا گیا ہے۔ آندھراپردیش میں رہائشی جائیداد فی مربع فٹ 4500 روپئے میں دستیاب ہے جبکہ ٹاملناڈو میں 7000 روپئے، کیرالا 4800 روپئے اور گجرات میں 4750 روپئے قیمت کی نشاندہی ہوئی ہے۔ گجرات ماڈل کے ذریعہ ریاست کی ترقی کے لئے مرکز کے مکمل تعاون کے باوجود رہائشی جائیدادوں کی قیمت میں راجستھان ، اترپردیش اور ہریانہ کو سبقت حاصل رہی ہے۔ ایسی ریاستیں جہاں شہری حدود میں تیزی سے توسیع ہوئی اور صنعتی ادارے قائم ہوئے وہاں رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔V/1/k/b