4 برسوں میں 4624 کروڑ خرچ کئے گئے، مجوزہ ریاستی بجٹ میں اقلیتی بہبود کیلئے زائد فنڈز کی توقع
حیدرآباد۔یکم؍ فروری، ( سیاست نیوز) ریاستی بجٹ برائے مالیاتی سال 2023-24 میں اقلیتی بہبود کیلئے بجٹ میں اضافہ کا امکان ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے 2400 کروڑ کی تجاویز پیش کی گئیں لیکن وزیر فینانس ہریش راؤ نے بجٹ میں اضافہ کا تیقن دیا تاہم اضافہ کس حد تک ہوگا اس کا اظہار بجٹ کی پیشکشی کے وقت ہوسکتا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے حکومت کو گذشتہ چار برسوں کے دوران اقلیتی بہبود کے بجٹ اور اداروں کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2019-20 سے 2022-23 تک اقلیتی بہبود کیلئے جملہ 6189.31 کروڑ بجٹ مختص کیا گیا جبکہ درمیان میں اضافی بجٹ مختص کرتے ہوئے جملہ 6219.407 کروڑ جاری کئے گئے۔ گذشتہ 4 برسوں میں اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر 4624.59 کروڑ خرچ کئے گئے۔ بجٹ کی اجرائی اور خرچ میں تقریباً دو ہزار کروڑ کا فرق پایا جاتا ہے۔ 2019-20 میں 1536 کروڑ جاری کئے گئے تھے جبکہ خرچ 1270 کروڑ ہوا۔ 2020-21 میں 1522 کروڑ کی اجرائی میں 1093 کروڑ خرچ کئے گئے۔2021-22 میں 1646 کروڑ جاری ہوئے جن میں سے 1286 کروڑ اسکیمات پر خرچ ہوئے ہیں۔ جاریہ مالیاتی سال 2022-23 میں تاحال 1513 کروڑ کی اجرائی میں سے 973.55 کروڑ خرچ کئے گئے۔ گذشتہ تین برسوں کے مقابلے جاریہ سال بجٹ خرچ کم ہوا ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بجٹ اجرائی کے اعداد و شمار محکمہ فینانس کی جانب سے جاری کردہ بجٹ اجرائی احکامات کے مطابق ہوتے ہیں جبکہ حقیقی معنوں میں بجٹ کی اجرائی کا موقف مختلف ہوتا ہے۔ پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کے تحت گذشتہ چار برسوں میں348281 درخواست گذاروں کو رقومات جاری کی گئیں۔ پری میٹرک اسکالر شپ کے تحت چار برسوں میں جملہ 205.92کروڑ جاری کئے گئے۔ فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کے تحت چار برسوں میں 246949 درخواستوں کو منظوری دی گئی اور جاری کردہ رقم 642.49 کروڑ ہے۔ اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے آغاز سے اب تک جملہ 2498 امیدواروں میں 395.87 کروڑ جاری کئے گئے۔ 2022-23 کے دوران 100 کروڑ مختص کئے گئے جبکہ 75 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی۔ بعد میں محکمہ فینانس نے مزید 41.16 کروڑ جاری کئے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے مطابق اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے تحت تاحال 2597 مسلم، 350 کرسچن، 8 سکھ اور 19 جین طبقہ کے امیدواروں کو رقومات جاری کی گئیں۔شادی مبارک اسکیم کیلئے 114464 استفادہ کنندگان میں 1135 کروڑ 97 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ 2022-23 میں 15 ڈسمبر تک شادی مبارک اسکیم کیلئے 190 کروڑ جاری کئے گئے اور درخواستوں کی تعداد 19012 ہے۔ تلنگانہ اقامتی اسکول سوسائٹی کو گذشتہ چار برسوں میں 2456.28 کروڑ کا بجٹ مختص کیا گیا جبکہ اجرائی 2275.59 کروڑ کی ہوئی ہے۔ سوسائٹی نے جملہ 1682.08 کروڑ خرچ کئے ہیں۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کو جاریہ سال اکنامک سپورٹ اسکیم کے تحت 28.31 کروڑ جبکہ ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ پروگرام کیلئے 3.41 کروڑ مختص کئے گئے۔ر