ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور اظہرالدین کا کنٹونمنٹ کی ٹیچرس کالونی کا دورہ کیا

   

گریجویٹ رائے دہندوں سے ملاقات ، فہرست میں ناموں کی شمولیت کیلئے خصوصی مہم
حیدرآباد۔23 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشست کے انتخابات میں فہرست رائے دہندگان کی تیاری پر کانگریس نے توجہ مرکوز کی ہے ۔ شہر کے اسمبلی حلقہ جات میں انچارج وزیر پونم پربھاکر اور وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین دورہ کرتے ہوئے کانگریس قائدین اور کارکنوں کو فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت مہم میں شریک ہونے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کی ٹیچرس کالونی پارک میں کانگریس امیدوار ایس رام موہن ریڈی کے حق میں اجلاس منعقد کیا گیا ۔ ریاستی وزراء کے علاوہ مقامی رکن اسمبلی سری گنیش اور ضلع کانگریس صدر سکندرآباد دیپک جان نے شرکت کی اور گریجویٹس سے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی اپیل کی ۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے مقامی نوجوانوں سے ملاقات کی اور انہیں گریجویٹ ایم ایل سی الیکشن کی اہمیت سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی نشست کے انتخابات اہمیت کے حامل ہیں اور تمام اہل گریجویٹس کو اپنے نام فہرست میں شامل کرنے چاہئے۔ ناموں کی شمولیت کے لئے 6 نومبر آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کانگریس قائدین و کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ کالونیوں اور مختلف اداروں کا دورہ کرتے ہوئے سرکاری ملازمین ، ٹیچرس ، طلبہ میں شعور بیداری مہم چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں اورڈاکٹرس کو بھی مہم میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی ملک بھر میں عوام کے رائے دہی کے حق کا تحفظ کرنے کیلئے مہم چلا رہے ہیں۔ تلنگانہ میں ایم ایل سی کی دو نشستوں کے انتخابات میں کانگریس امیدواروں کی کامیابی پر قائدین کو توجہ مرکز کرنی چاہئے۔1/k/m/b