سماجی انصاف پر 2 روزہ اجلاس میں شرکت، تلنگانہ حکومت کے اقدامات سے واقف کرائیں گے
حیدرآباد 6 اپریل (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور وزیر بہبودی خواتین و اطفال ڈی انوسویا سیتکا، محکمہ بہبودی پسماندہ طبقات کے عہدیداروں کے ہمراہ آج دہرہ دون روانہ ہوئے۔ مرکزی وزیر سماجی انصاف ڈاکٹر ویریندر کمار نے 7 اور 8 اپریل کو دہرہ دون میں 2 روزہ اجلاس منعقد کیا ہے جس کا مقصد ملک میں سماجی انصاف کے نفاذ کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔ مرکزی وزارت سماجی بھلائی کی جانب سے منعقد ہونے والے اِس چنتن شیور میں ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے اہم شخصیتیں شرکت کررہی ہیں۔ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی تنظیموں کے نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور سیتکا 2 روزہ چنتن شیور میں تلنگانہ کی عوامی حکومت کی جانب سے پسماندہ طبقات کی بھلائی کے اقدامات سے واقف کرائیں گے۔ حال ہی میں طبقاتی سروے اور پھر پسماندہ طبقات کے لئے 42 فیصد تحفظات کے اقدامات سے اجلاس کو واقف کرایا جائے گا۔ محکمہ بہبودی پسماندہ طبقات کی جانب سے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دیا جائے گا۔ دہرہ دون روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہاکہ کمزور طبقات کی بھلائی کے اقدامات میں تلنگانہ حکومت سرفہرست ہے۔ راہول گاندھی نے ملک بھر میں سماجی انصاف کا جو نعرہ لگایا ہے اُس پر عمل آوری کا ریونت ریڈی حکومت نے آغاز کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ کے بجٹ میں درج فہرست اقوام، قبائل اور پسماندہ طبقات کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ کمزور طبقات کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لئے نئی اسکیمات متعارف کی گئیں اور نوجوانوں کو خود روزگار اسکیمات سے جوڑنے کے لئے راجیو یوا وکاسم اسکیم متعارف کی گئی ہے جس کے تحت 50 ہزار تا 4 لاکھ روپئے تک کی امداد دی جائے گی جس میں معمولی حصہ بینک قرض پر مشتمل رہے گا۔1