مرکزی وزیر پیوش گوئل نے دوبارہ ملاقات نہیں کی
حیدرآباد ۔ 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ وزراء کا وفد ایک ہفتہ دہلی میں قیام کے باوجود بغیر کسی تیقن کے حیدرآباد واپس لوٹ گیا۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مرکز سے تبادلہ خیال کیلئے وزراء اور ایم پیز کا وفد ایک ہفتہ تک دہلی میں مقیم تھا ۔ موسم برسات میں 40 لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدنے کا فوڈ کارپوریشن نے اعلان کیا تھا۔ تلنگانہ حکومت کا کہنا ہیکہ ابھی تک 60 لاکھ ٹن دھان حاصل کیا گیا ۔ لہٰذا دھان خریدنے کے کوٹہ میں اضافہ کا مرکز سے مطالبہ کیا۔ چیف منسٹر نے دھان کی خریدی کے معاملے میں تحریری طور پر تیقن دینے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا تھا۔ مرکز کی جانب سے کوئی ردعمل حاصل نہ ہونے پر چیف منسٹر نے وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کے وفد کو دہلی روانہ کیا تھا۔ دہلی پہنچنے کے دو تین دن بعد مرکزی وزیر پیوش گوئل نے وفد سے ملاقات کی اور ان کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کئے پھر بھی دھان کی خریدی کیلئے تحریری تیقن کیلئے ریاستی وفد ایک ہفتہ تک دہلی میں مقیم رہا ۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل نے دوبارہ ملاقات نہیں کی اور نہ ہی مرکزی حکومت نے کوئی تحریری تیقن دیا جس پر ریاستی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کا وفد دہلی سے حیدرآباد واپس آ گیا۔ن