ریاست میں انٹر کی نشستوں میں اضافہ کی ضرورت

   

ایس ایس سی کے تمام طلبا کو کامیاب کرنے حکومت کے فیصلے کے بعد اضافہ ضروری
حیدرآباد۔15 جون(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں تمام ایس ایس سی طلبہ کو کامیاب کرنے کے فیصلہ کے بعد انٹر کی نشستوں میں اضافہ کی ضرورت محسوس کی جائے گی۔ ریاستی حکومت نے کورونا وائرس کے سبب پیدا شدہ صورتحال اور عدالت کی جانب سے جاری کردہ احکات کا جائزہ لینے کے بعد ریاست تلنگانہ میں ایس ایس سی کے تمام طلبہ کو کامیاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اب کامیاب ہونے والے طلبہ جو کہ انٹرمیڈیٹ میں داخلہ حاصل کریں گے انہیں نشستوں کے حصول میں دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ ریاستی حکومت کی جانب سے تمام طلبہ کو کامیاب قرار دیا گیا ہے جو کہ انٹرمیڈیٹ میں داخلہ حاصل کرنے کے اہل ہیں لیکن ابھی تک ریاستی حکومت کی جانب سے انٹر میڈیٹ میں داخلوں کاعمل شروع نہیں کیا گیا ہے لیکن جب انٹرمیڈیٹ میں داخلوں کا عمل شروع کیا جائے گا تو ایسی صورت میں انٹرمیڈیٹ کی نشست کے حصول اور کالجس کی جانب سے تخصیص میں مشکلات پیش آسکتی ہیں اسی لئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے علاوہ محکمہ تعلیم کی جانب سے ان حالات پر قابو پانے کے سلسلہ میں اقدامات پر غور کیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ انٹر میڈیٹ میں داخلہ کیلئے پیمانہ ایس ایس سی کی کامیابی ہے اور اب جبکہ تمام طلبہ کامیاب قرار دیئے جاچکے ہیں توانہیں داخلہ حاصل کرنے سے روکا نہیں جاسکتا اسی لئے کالجس کو اس بات کی ہدایت دی جائے گی کہ وہ طلبہ کے من پسند مضامین کے مطابق گروپ میں داخلہ حاصل کرنے سہولت کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ ذرائع کے مطابق انٹرمیڈیٹ میں نشستوں کی قلت پیدا ہونے کے شبہات کے ازالہ کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کی جائے گی۔