ریاست میں بارش ‘ سرکاری محکمے الرٹ رہیں

   

متاثرہ علاقوں میں امدادی کام انجام دینے ریونت ریڈی کی ہدایت
حیدرآباد۔/3 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کے پیش نظر تمام محکمہ جات کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد میں آج اچانک بارش کی صورتحال کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا اور کہا کہ عوام کو کسی بھی دشواری سے بچانے کیلئے تمام محکمہ جات چوکس رہیں۔ بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں اور کئی علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ موسمی حالات کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضروری اقدامات کریں۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ تمام محکمے باہمی تعاون سے کام کریں تاکہ پانی کی نکاسی، ٹریفک کے بہاؤ اور برقی کی بحالی کو یقینی بنایا جاسکے۔ چیف منسٹر نے جی ایچ ایم سی، پولیس اور حیدرآباد واٹر بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ ایکشن پلان کے تحت کام کریں تاکہ سڑکوں پر پانی جمع نہ ہو اور ٹریفک متاثر ہونے نہ پائے۔ انہوں نے محکمہ برقی کو بارش کے سبب سربراہی میں خلل والے علاقوں میں برقی کی فوری بحالی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ جہاں ضرورت ہو وہاں بچاؤ اور امدادی کام انجام دیئے جائیں اور زیر آب علاقوں میں ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے ٹریفک مینجمنٹ کے سلسلہ میں پولیس کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد ٹریفک کی بحالی کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر نے ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی کیونکہ بعض اضلاع میں شدید بارش کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ تمام ضلع کلکٹرس، پولیس عہدیداروں اور محکمہ جات کے سربراہوں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنا چاہیئے۔1