ریاست میں بی آر ایس حکومت کا قیام یقینی، کانگریس حکومت عوامی تائید سے محروم : کے سی آر

   

تلنگانہ بھون میں پارٹی کا توسیعی اجلاس ، سلور جوبلی تقاریب ، رکنیت سازی مہم ، مقامی اداروں کے انتخابات کا جائزہ
حیدرآباد۔ 19 فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ و سابق چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ کانگریس حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت کی ناکامیوں کے خلاف احتجاج شروع کرنے کیلئے کمربستہ ہوجانے کا پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا۔ انہوں نے تلنگانہ بھون بنجارہ ہلز میں منعقدہ پارٹی کے توسیعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس اجلاس میں پارٹی کی سلور جوبلی تقاریب، رکنیت سازی مہم، پارٹی کی محاذی تنظیموں کی تشکیل، پلینری سیشن کے علاوہ دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ کے سی آر نے اپنے خطاب میں تلنگانہ ریاست کیلئے چلائی گئی تحریک اور تلنگانہ کی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس ہی وہ واحد پارٹی ہے جو تلنگانہ کے مفادات کا تحفظ کرسکتی ہے۔ پارٹی ، عوام کے مسائل سے بہتر طور پر واقف ہے۔ وہ دعویٰ کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ آئندہ ریاست میں بی آر ایس کی حکومت قائم ہوگی۔ جدوجہد کے ذریعہ حاصل کردہ تلنگانہ کو بی آر ایس کے دور حکومت میں ترقی دیتے ہوئے ملک کی مثالی ریاست میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ کانگریس کے 14 ماہی دور حکومت میں تلنگانہ زوال پذیر ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوبارہ تلنگانہ کی عزت ِ نفس کی خاطر تحریک چلانے کا وقت آچکا ہے۔ پارٹی کی سلور جوبلی تقاریب ساری ریاست میں منعقد کی جائے گی۔ 10 اپریل کو حیدرآباد میں بی آر ایس کے نمائندوں کا اجلاس طلب کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو دیہی علاقوں سے ریاستی سطح تک مضبوط و مستحکم کرنے کیلئے بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ 27 اپریل کو ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ 10 تا 27 اپریل پارٹی کی رکنیت سازی مہم چلائی جائے گی۔ اس کے بعد کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔ اکٹوبر / نومبر میں پارٹی صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔ مقامی اداروں کے انتخاب میں بی آر ایس کی کامیابی کیلئے پارٹی قائدین متحدہ طور پر کام کریں گے۔ بی آر ایس ایک انتخابات میں شکست سے مایوس نہیں ہوگی، بلکہ بلند حوصلے کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ تلنگانہ تحریک کے دوران ہم نے کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں۔ یہ شکست معمولی ہے۔ اس سے پارٹی کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ کے سی آر نے کہا کہ پارٹی سے بے وفائی کرتے ہوئے جن 10 ارکان اسمبلی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے، ان حلقوں میں بہت جلد ضمنی انتخابات منعقد ہوں گے۔ ریاست میں کانگریس حکومت کا گراف دن بہ دن نیچے کی طرف جارہا ہے، وہ پھر کبھی اوپر نہیں جائے گا۔ بی آر ایس پارٹی صرف اقتدار سے محروم ہوئی ہیں لیکن عوام کے دِلوں میں آج بھی زندہ ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف اتنی جلدی عوامی ناراضگی پیدا ہوجانے کا انہیں یقین نہیں تھا، لیکن حالات پوری طرح تبدیل ہوگئے ہیں۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ 2