تین آئی اے ایس عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل ۔ اندرون 7 یوم مذاکرات کی تکمیل کی ہدایت
حیدرآباد 6 مئی ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ملازمین کی تنظیموں سے مذاکرات کیلئے تشکیل دی گئی 3آئی اے ایس عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ اندرون 7 یوم مذاکرات مکمل کرکے حکومت کو جامع رپورٹ معہ سفارشات پیش کرے۔ حکومت کے جی او آرٹی نمبر 572 میں کہاگیا کہ حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور فلاحی اسکیمات پر عمل کے معاملہ میں ملازمین کا کلیدی رول ہے ۔ حکومت نے سینیئر آئی اے ایس عہدیدارمسٹر نوین متل ‘ پرنسپل سیکریٹری محکمہ مال ‘ مسٹر لوکیش کمار پرنسپل سیکریٹری پنچایت راج و مسٹر کرشنا بھاسکر اسپیشل سیکریٹری برائے چیف منسٹر پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل کے احکام جاری کئے ۔ ان احکامات میں کمیٹی کے ذمہ داروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مختلف سکاری محکمہ جات میں برسرکار ملازمین کی تنظیموں سے مذاکرات کریں اور مسائل کے متعلق آگہی حاصل کرکے جامع رپورٹ کی تیاری عمل میں لائیں ۔ چیف سیکریٹری مسٹر راما کرشنا راؤ نے اس جی او میں کمیٹی کے فرائض کی تشریح کرکے کہا کہ مذکورہ کمیٹی سرکاری ملازمین کی تنظیموں سے مذاکرات کے ساتھ ان کے مسائل سے آگہی حاصل کریگی علاوہ ازیں ان کے زیر التواء مطالبات کے حل کیلئے درکار اقدامات کے متعلق اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گی۔ کمیٹی کی جانب سے 7 مئی سے ہی ملازمین کی تنظیموں سے ملاقاتوں کی توقع ہے کیونکہ حکومت نے سفارشات پر مشتمل رپورٹ اندرون 7 یوم پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے کمیٹی کی تشکیل اور اندرون 7 یوم رپورٹ کی ہدایت کے جی او کی اجرائی کے ذریعہ ہی آرٹی سی ملازمین کو ملتوی کروانے میں کامیابی حاصل کی ہے اور کہا جا رہاہے کہ سرکاری ملازمین کے مجوزہ مہادھرنا پروگرام کو بھی ملتوی کروانے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔3