ریاست میں نئے ڈی جی پی کی تلاش جاری

   

انٹلی جنس سربراہ بی شیودھر ریڈی دوڑ میں سب سے آگے
حیدرآباد ۔ 13 ستمبر (ایس ایم بلال) تلنگانہ ڈی جی پی مسٹر جتیندر اس ماہ سبکدوش ہو رہے ہیں اور حکومت کارگزار ڈائرکٹر جنرل پولیس کا تقرر کرنے سرگرم ہے ۔ اندرون 10 یوم نئے ڈی جی پی کا اعلان کئے جانے کی اطلاع ہے۔ اس دوڑ میں سرفہرست ڈائرکٹر جنرل (انٹلیجنس) بی شیوادھر ریڈی ہیں۔ 1994ء آئی پی ایس بیاچ کے شیوادھر ریڈی کو پولیس سربراہ کے عہدہ پر نامزد کیا جانا یقینی ہے۔ اگست 2024ء میں ڈائرکٹر جنرل پولیس رتبہ پر ترقی پانے والے شیوادھر ریڈی کا تعلق رنگاریڈی سے ہے اور انہوں نے ریاست کے اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ سال 2007ء میں ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ زون کی حیثیت سے بھی انہوں نے خدمات انجام دی اور ترقی پر انہوں نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس اسپیشل انٹلیجنس برانچ کے علاوہ سال 2014ء میں ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد انٹلیجنس کے پہلے سربراہ بھی رہے ہیں۔ کانگریس حکومت کا 2023ء میں اقتدار پر لوٹنے کے بعد مسٹر شیوادھر ریڈی کو دوبارہ انٹلیجنس سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ سابق میں انہوں نے ڈائرکٹر اینٹی کرپشن بیورو کے علاوہ پولیس کمشنر وشاکھاپٹنم کے عہدہ پر بھی فائز رہے ہیں۔ ریاستی پولیس سربراہ کے عہدہ کی دوڑ میں مسٹر شیوادھر ریڈی کی فہرست میں جبکہ پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر سی وی آنند کا نام بھی بعض حلقوں میں گشت کررہا ہے۔ جاریہ ماہ مسٹر جتیندر کے سبکدوش ہونے کے فوری بعد شیوادھر ریڈی کو کارگزار ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ بنائے جانے کا امکان ہے۔