ریاست میں 22 تا 29 مئی انٹر ایڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات

   

ہال ٹکٹس کی اجرائی، 4,12,724 لاکھ طلبہ امتحانات میں حصہ لیں گے
حیدرآباد ۔ 17 مئی (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ ایڈوانسڈ سپلیمنٹری کے 22 تا 29 مئی تک امتحانات منعقد کئے جائیں گے جس کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ انٹر بورڈ کے عہدیداروں نے انٹر امتحانات کے ہال ٹکٹس جاری کردیئے۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہیکہ وہ اپنے متعلقہ کالجس سے ہال ٹکٹس حاصل کرلیں یا انٹرمیڈیٹ بورڈ کے سرکاری ویب سائیٹ www.tgbie.cgg.gov.in سے ڈاؤن لوڈ کرلیں۔ انٹر ایڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات 22 تا 29 مئی تک دو سیشنس منعقد ہوں گے۔ صبح 9 تا 12 بجے سال اول، دوپہر 2:30 تا شام 5:30 بجے تک سال دوم کے امتحانات منعقد ہوں گے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست بھر میں اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں جملہ 4,12,724 لاکھ طلبہ شرکت کریں گے جن میں 2,49,039 لاکھ طلبہ فرسٹ ایئر کے ہیں۔ ووکیشنل طلبہ کی تعداد 16,994 ہے۔ انٹر سال اول اور دوم کے سالانہ امتحانات میں فرسٹ ایئر میں ناکام ہونے والے طلبہ کی تعداد 1.91 لاکھ ہے۔ مارکس میں اضافہ امپرومنٹ کیلئے 50 ہزار سے زیادہ طلبہ درخواستیں داخل کرچکے ہیں جس سے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس طرح انٹر سیکنڈایئر جنرل امتحانات میں 1,34,341 لاکھ امیدوار شرکت کررہے ہیں۔ ان میں ووکیشنل امتحانات میں حصہ لینے والوں کی تعداد 12,357 ہیں۔ ریاست بھر میں امتحانات کیلئے سخت و حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ضلعی کلکٹرس اور ایس پیز کے ساتھ بھی زوم میٹنگ منعقد کرتے ہوئے امتحانات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔2