ریاست میں 9 نئے میڈیکل کالجس قائم کرنے اقدامات کی ہدایت

   

محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ ماہانہ جائزہ اجلاس، ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 7 جنوری (سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے ریاست میں قائم ہونے والے 9 میڈیکل کالجس کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ آج آروگیہ شری ہیلت کیر ٹرسٹ آفس میں این ایچ ایم، ٹی ایس ایم ایس آئی ڈی سی کے ساتھ ماہانہ اجلاس طلب کرکے مختلف امور کا جائزہ لیا اور ان 9 میڈیکل کالجس کی تعمیرات کیلئے ٹنڈرس کا عمل مکمل کرنے اور کاموں کا آغاز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کی صحت پر خاص توجہ ہے۔ گذشتہ سال ہی 8 میڈیکل کالجس کا بیک وقت افتتاح کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ۔ اسی جذبہ سے جاریہ سال کریم نگر، کھمم، کاماریڈی، وقارآباد، جنگاؤں، نرمل، بھوپال پلی، سرسلہ، آصف آباد میں میڈیکل کالجس قائم کرکے ایم بی بی ایس کی تعلیم کے آغاز کیلئے اقدامات کریں ۔ نیشنل میڈیکل کونسل کی ٹیم کے معائنہ تک تمام ضروری تیاریاں مکمل کرلینے ہدایت دی۔ زیرتعمیر مدر اینڈ چائلڈ کیر سنٹر کی تعمیرات کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ ہریش راؤ نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ نمس اور گاندھی ہاسپٹل میں زیرتعمیر ایم سی ایچ ہاسپٹلس کو جلد تعمیر کرکے عوام کو دستیاب کرائیں۔ ٹی وی وی پی حدود میں 23 سی ایچ سیز کے جو کام ہے اس کو جلد مکمل کریں۔ تلنگانہ میں 20 ڈائگناسٹک سنٹرس ہیں۔ مختلف اضلاع میں مزید 13 نئے سنٹرس قائم کرنے احکامات جاری کئے۔ مردہ خانوں، 12 سنٹرل میڈیسن اسٹورس کے کاموں کی پیشرفت پر عہدیداروں سے تفصیلات طلب کی۔ زیادہ سڑک حادثات والے مقامات پر 9 کریٹیکل کیر ہاسپٹلس قائم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیرصحت نے ادویات کی تقسیم میں لاپرواہی اور غفلت نہ کرنے کی ہدایت دی۔ ٹسٹوں کے اندرون 24 گھنٹے نتائج برآمد کرنے پر زور دیا۔ن