ریاست کے مفادات پر مرکز سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: کے سی آر

,

   

12 جنوری کو مرکزی وزارت داخلہ کا اجلاس، چیف سکریٹری تلنگانہ کے مسائل پیش کریں گے
حیدرآباد ۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے چیف سکریٹری سمیش کمار کو ہدایت دی کہ 12 جنوری کو مرکزی وزارت داخلہ کے اجلاس میں ریاست کے زیر التواء مسائل پر بھرپور نمائندگی کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون 2014 کے تحت تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے تھے ان کی تکمیل نہیں ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں مرکز سے زیر تصفیہ مسائل کی نشاندہی کی۔ مرکزی وزارت داخلہ نے 12 جنوری کو تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے چیف سکریٹریز کا اجلاس طلب کیا ہے تاکہ زیر التواء مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ تلنگانہ حکومت مرکز کی زیر التواء مسائل پر تفصیلی یادداشت پیش کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آندھرا پردیش کی جانب سے کئی غیر منصفانہ مطالبات کئے جارہے ہیں جن میں سنگارینی کالریز میں حصہ داری شامل ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تنظیم جدید قانون کے تحت آندھرا پردیش کو اپنے غیر ضروری مطالبات سے دستبرداری اختیار کرنی ہوگی۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو مختلف امور سے واقف کرایا جو مرکز سے حل طلب ہیں۔ تنظیم جدید قانون کے نویں اور دسویں شیڈول کے کئی مسائل کو مرکز کی جانب سے حل نہیں کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 12 جنوری تک کورونا کی صورتحال کے مطابق اجلاس میں شرکت کے بارے میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ ر