ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کیلئے حکومت کے اقدامات

   

پراجکٹ کنسلٹنٹس کو مامور کرنے تجاویز کی طلبی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ریاستی حکومت نے ریجنل رنگ روڈ ( آر آر آر) کے جنوبی حصہ کی تعمیر کے لیے روڈ میاپ کی تیاری ، ٹرانزیکشن مینجمنٹ اینڈ پراجکٹ مانیٹرنگ یونٹ سپورٹ کے لیے پراجکٹ کنسلٹنٹس کو مامور کرنے کے لیے اقدامات شروع کئے ہیں ۔ چنانچہ آر اینڈ بی ڈپارٹمنٹ نے ایک پراجکٹ کنسلٹنٹ کو مامور کرنے کے لیے تجاویز طلب کئے ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اس پراجکٹ کی بروقت انجام دہی کو یقینی بنانے کے لیے عہدیداروں کو حصول اراضی کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ ریجنل رنگ روڈ سے جو ایک گرین فیلڈ ایکسپریس وے ہوگا کنیکٹویٹی میں بہتری ہوگی اور معاشی ترقی ہوگی ۔ ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر موجودہ آوٹر رنگ روڈ سے 30 تا 50 کلو میٹر کے ایک ریڈئیل فاصلہ پر کی جائے گی اور یہ اہم علاقوں کو مربوط کرے گی جیسے سنگاریڈی ، نرسا پور ، توپران ، چوٹ اپل اور آمنگل ۔ اس پراجکٹ سے توقع ہے کہ معاشی ترقی ہوگی ، علاقہ کی مجموعی ترقی کے لیے راہ ہموار ہوگی اور اس سے زراعت اور مینو فیکچرنگ کلسٹرس کو بڑھاوا حاصل ہوگا ۔ ریاستی حکومت نے ریجنل رنگ روڈ کے لیے اہم مقاصد بنائے ہیں ۔ حیدرآباد ریجن کو ایک گلوبل اکنامک ہب میں تبدیل کرنا ، انڈسٹریل اور ٹکنالوجی زونس بنانا ، ٹریڈ اور لاجسٹکس کے لیے ریجنل کنیکٹویٹی میں اضافہ کرنا اور سماجی اور معاشی اٹنگریشن کو بڑھانا ۔۔