ریزرویشن ہونا چاہئے تاوقتیکہ ضرورت باقی رہے: آر ایس ایس

   

پشکر(راجستھان)۔9ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) ریزرویشن کی ضرورت ہے کیونکہ سماج میں سماجی اور معاشی تفاوت پایا جاتا ہے اور اسے استفادہ کنندگان کی ضرورت برقرار رہنے تک جاری رکھنا چاہیئے ،راشٹریہ سویم سیوک سنگھ نے آج یہاں یہ بات کہی ۔آر ایس ایس جوائنٹ جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوزابلے نے کہا کہ آرگنائزیشن کا یہی احساس ہے کہ منادر، شمشان گھاٹ اور آبی ذخائر تمام لوگوں کیلئے کھلے ہونے چاہیئے اور کوئی مخصوص ذات کیلئے اُن کو محدود نہیں کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے سنگھ کے تین روزہ رابطہ اجلاس کے آج آخری روز پریس کانفرنس میں کہا کہ ہماری سوسائٹی میں سماجی اور معاشی طور پر بڑی خلیج پائی جاتی ہے اور اس لئے تحفظات کی ضرورت ہے ۔ ہم پوری طرح ریزرویشن کے حامی ہیں جیسا کہ دستور نے صراحت کی ہے ۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا آر ایس ایس محسوس کرتا ہے کہ ریزرویشن غیرمعینہ مدت تک جاری نہیں رہنا چاہیئے ، جوائنٹ جنرل سکریٹری نے کہاکہ یہ سسٹم کے استفادہ کنندگان پر منحصر ہے کہ وہ کیا طئے کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایک دلت تنظیم نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے ستائش کی کہ سنگھ کا موقف سماج میں امتیاز کو ختم کرنے کے بارے میں بالکلیہ درست ہے ۔ آر ایس ایس کا پُرزور احساس ہے کہ اس ایقان کی طرف کام کیا جائے کہ مندروں ، شمشان گھاٹ اور پانی کے ذخائر تمام لوگوں کیلئے کھلے ہونے چاہیئے ۔ اس معاملہ میں کوئی امتیاز نہیں ہونا چاہیئے ۔ریزرویشن سنگھ کے رابطہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھا اور اس لئے اس پر غوروخوض نہیں کیا گیا ۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ منعقدہ کوآرڈنیشن میٹنگ میں 35آر ایس ایس تنظیموں کے زائد از 200مندوبین شریک ہوئے ۔ بی جے پی کے کارگذار صدر جے پی نڈا اور جنرل سکریٹری (آرگنائزیشن) بی ایل سنتوش بھی اس میٹنگ میں شریک ہوئے ۔