ریلوے بی جے پی اور مرکز کی جاگیر نہیں ہے : پی سرینواس ریڈی

   

کانگریس پارٹی یکم نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان کے احتجاجی پروگرام کو کامیاب بنائے گی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے مرکزی حکومت کی جانب سے دہلی جانے کے لیے ٹرینوں کی سہولت فراہم نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہے اور مرکز کی آمرانہ پالیسیوں کو ایک ایک کر کے بے نقاب کیا جائے گا ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ جب کانگریس قائدین نے دہلی جانے کے لیے خصوصی ٹرینوں اور کوچیس میں سفر کرنے کی باضابطہ اجازت طلب کی اور تحریری طور پر یادداشت بھی دی گئی ۔ مودی حکومت نے جان بوجھ کر اجازت دینے سے انکار کردیا ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پچھلے 10 دنوں میں انڈیا اتحاد کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔ ریاستی وزیر مال نے دو ٹوک انداز میں تنبیہہ کی کہ ریلوے کا ادارہ مرکزی حکومت یا بی جے پی کی خانگی جاگیر نہیں ہے وہ جب چاہیں اپوزیشن کے سفر کو روکیں ۔ ٹرینیں فراہم نہ کیے جانے کے خلاف تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام آج ریاست بھر میں احتجاجی پروگرامس منعقد کئے گئے ۔ وزیر مال نے کہا کہ مرکزی حکومت عوامی اعتماد سے محروم ہوجانے کے بعد سنٹرل الیکشن بالخصوص چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے اختیارات کا بیجا استعمال کرتے ہوئے SIR کے نام پر ووٹ چوری کررہی ہے ۔ عوام کے دستوری حقوق کا تحفظ کرنے کے لیے کانگریس پارٹی احتجاجی مہم میں شدت پیدا کرچکی ہے اور عوام کے ووٹوں کو ووٹر لسٹ سے ہٹایا جارہا ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کانگریس کے قومی صدر ملکاارجن کھرگے اور قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی پچھلے دو سال سے اس نا انصافی کے خلاف مسلسل پارلیمنٹ سے سڑک تک جدوجہد کررہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی تمام حذف شدہ ووٹوں کی دوبارہ جانچ کرنے اور متاثرہ شہریوں کو ان کا بنیادی حق رائے دہی فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کررہی ہے ۔۔ 2/m/b