ریلوے کو حمل و نقل سے 16.31 کروڑ روپے کی آمدنی

   

احمدآباد 8جون (سیاست ڈاٹ کام ) مغربی ریلوے نے ملک کے مختلف حصوں کے لئے متعدد پارسل اسپیشل گاڑیوں سے 51 ہزار ٹن سے زیادہ اشیاء کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچایا۔ جس کی وجہ سے ریلوے کو 16.31 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی ہے ۔چیف رابطہ افسر عامہ رویندر بھاکر نے پیر کو یہاں بتایا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران آمدورفت میں پابندی کے مشکل وقت میں بھی ضروری اشیاء پوری ملک میں مہیا کرائی جاتی رہی ہیں۔ انہی کوششوں کے تحت مغربی ریلوے کے ذریعہ ملک کے مختلف حصوں کے لئے کئی خصوصی پارسل ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں ابھی تک 270 پارسل اسپیشل اور39 دودھ اسپیشل ٹرینیں چلائی گئیں ہیں۔مغربی ریلوے سے سات جون کو دو پارسل اسپیشل ٹرینیں روانہ ہوئی ہیں جن میں پوربندر۔شالیمار اور کروبیلی۔نیوگواہاٹی اسپیشل ٹرینیں شامل ہیں۔ اسی طرح 23 مارچ سے چھ جون تک اپنی مختلف پارسل گاڑیوں سے مغربی ریلوے نے 51 ہزار ٹن سے زیادہ اشیاء کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچایا ہے ۔ جن میں زراعی پیدوار، ضروری دوائیاں، مچھلی، دودھ وغیرہ اہم چیزیں شامل ہیں۔ اس ٹرانسپورٹ کی وجہ سے ریلوے کو ہونے والی آمدنی 16.31 کروڑ روپے رہی ہے ۔