پردیش کانگریس عاملہ کو منظوری، اندرون دو یوم اعلان،طبقاتی سروے اور ایس سی زمرہ بندی سے واقف کرایا، کے سی وینو گوپال کو رپورٹ پیش
حیدرآباد ۔7۔فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کا دو روزہ دورہ دہلی اختتام کو پہنچا اور کانگریس ہائی کمان نے پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کی تشکیل کو منظوری دے دی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے آج نئی دہلی میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی اور انہیں تلنگانہ میں طبقاتی سروے اور ایس سی زمرہ بندی سے متعلق رپورٹس سے واقف کرایا۔ بی سی طبقات اور ایس سی طبقات کے لئے نلگنڈہ اور میدک اضلاع میں دو بڑے عام جلسے منعقد کرنے کے فیصلہ سے ملکارجن کھرگے کو واقف کرایا گیا اور انہیں جلسوں میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ملکارجن کھرگے نے طبقاتی سروے اور اے سی زمرہ بندی سے متعلق فیصلوں کو عوام تک پہنچانے کیلئے پارٹی قائدین کو متحرک ہونے کا مشورہ دیا۔ کھرگے نے قائد اپوزیشن راہول گاندھی سے مشاورت کے بعد تلنگانہ کے دورہ کو قطعیت دینے کا تیقن دیا۔ راہول گاندھی کی مصروفیات کے سبب چیف منسٹر اور ان کی ٹیم سے ملاقات نہیں ہوسکی۔ بتایا جاتا ہے کہ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینوگوپال نے کہا کہ وہ تلنگانہ امور سے راہول گاندھی کو واقف کرائیں گے اور جلد ہی ملاقات کا وقت متعین کیا جائے گا۔ دو روزہ دورہ کے بعد ریونت ریڈی اور ان کی ٹیم حیدرآباد واپس ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر نے کے سی وینو گوپال سے دو مرتبہ ملاقات کی۔ پہلی مرتبہ پارٹی قائدین کے ساتھ ملاقات رہی جس میں ریاست کو درپیش مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ دوسری مرتبہ ان کی ملاقات تنہا رہی جس میں حکومت کی کارکردگی اور ارکان اسمبلی کی ناراضگی موضوع بحث رہی۔ ذرائع کے مطابق کے سی وینو گوپال نے تلنگانہ کے قائدین سے علحدہ علحدہ ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی صورتحال سے واقفیت حاصل کی۔ انہوں نے پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کی تشکیل کو منظوری دی اور توقع ہے کہ آئندہ دو دن میں پردیش کانگریس کی عاملہ کا اعلان کردیا جائے گا۔ کے سی وینو گوپال نے ورکنگ پریسیڈنٹ اور نائب صدور کے عہدوں پر متحرک قائدین کو نمائندگی دینے کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ مہیش کمار گوڑ اور چیف منسٹر نے دونوں اہم عہدوں کے لئے ناموں کی فہرست پیش کی جسے کے سی وینو گوپال نے منظوری دے دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نامزد عہدوں پر تقررات ، کابینہ میں توسیع اور ارکان اسمبلی کی ناراضگی جیسے امور پر کے سی وینو گوپال اور ملکارجن کھرگے نے بات چیت کی اور اس سلسلہ میں مناسب وقت پر فیصلہ کرنے کا تیقن دیا۔ کھرگے اور کے سی وینو گوپال نے ریاستی وزراء اور پارٹی ارکان اسمبلی کے درمیان بہتر تال میل کی ہدایت دی اور کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے ارکان اسمبلی اور قائدین ابھی سے متحرک ہوجائیں۔ آئندہ دو دن میں جاری کی جانے والی پردیش کانگریس کی عاملہ میں چار ورکنگ پریسیڈنٹ شامل کئے جاسکتے ہیں۔ سماجی انصاف کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک مادیگا ، ایک مسلم ، ایک لمباڑہ اور ایک ریڈی طبقہ کے قائد کو نمائندگی دیئے جانے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نائب صدور کے طور پر 15 تا 20 ناموں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ ضلع کانگریس صدور اور محاذی تنظیموں کے صدور کے ناموں پر بھی غور کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملکارجن کھرگے سے ملاقات کے دوران کابینہ میں توسیع کا مسئلہ موضوع بحث نہیں رہا۔ اس مسئلہ پر راہول گاندھی سے ملاقات کے وقت حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی جو چیف منسٹر کے ساتھ دورہ میں شامل تھیں، انہوں نے ملکارجن کھرگے اور کے سی وینو گوپال کو ریاست میں پارٹی اور حکومت کی کارکردگی سے واقف کرایا۔ اطلاعات کے مطابق دیپا داس منشی نئی دہلی سے مغربی بنگال کیلئے روانہ ہوچکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے پہلے مرحلہ کی تکمیل کے بعد راہول گاندھی تلنگانہ قائدین کو ملاقات کا وقت دیں گے۔1